یوپی میں پھر پیش آیا ٹرین حادثہ، کانپور کے پاس مظفرپور-سابرمتی جَن سادھارن ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹری سے اتریں
ٹرین کی جو بوگیاں ڈیریل ہوئی ہیں، وہ جنرل بوگیاں تھیں۔ ٹرین کی بوگیاں جب ٹیڑھی ہونے لگیں تو مسافر اس سے کودنے لگے۔ ٹرین رکنے کے بعد خواتین اور بچوں کو حفاظت کے ساتھ باہر نکالا گیا۔

پٹری سے اترا ڈبہ، تصویر سوشل میڈیا
اتر پردیش میں ایک بار پھر ٹرین حادثہ پیش آیا ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اس واقعہ میں ابھی تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ حادثہ پریاگ راج ڈویزن میں کانپور کے بھاؤپور یارڈ کے پاس پیش آیا، جہاں مظفر پور-سابرمتی جَن سادھارن ایکسپریس (15269) کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ریل افسران کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق جمعہ کی شام 4.20 بجے انجن سے چھٹا اور ساتواں ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔
حادثہ کی خبر ملتے ہی کانپور کے ریلوے افسر جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔ جنرل منیجر اور ڈویزنل ریل منیجر بھی جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ فی الحال جائے حادثہ پر مرمت کا کام جاری ہے۔ ریلوے میڈیکل وین کو بھی موقع پر بھیجا گیا ہے۔ ساتھ ہی ریلوے کی طرف سے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ٹرین کی جو بوگیاں ڈیریل ہوئی ہیں، وہ جنرل بوگیاں تھیں۔ ٹرین کی بوگیاں جب ٹیڑھی ہونے لگیں تو مسافر اس سے کودنے لگے۔ ٹرین رکنے کے بعد خواتین و بچوں کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا۔ اس حادثے کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ٹرین بہار کے مظفر پور سے احمد آباد جا رہی تھی۔ حادثہ پیش آنے کے بعد پیچھے سے آنے والی ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے مرزاپور میں گزشتہ ماہ ہی مال گاڑی کے 3 ویگن پٹری سے اتر گئے تھے۔ بھٹنڈا سے چوپن جا رہی 118 ویگن کی مال گاڑی چُنار جنکشن کے یارڈ میں داخل ہو رہی تھی، تبھی اس کے 3 ویگن پٹری سے اتر گئے۔ یہ حادثہ چُنار ریلوے اسٹیشن اور ریلوے کراسنگ کے پاس پیش آیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔