وادیٔ موت ’سوہاگی‘ میں پھر پیش آیا دردناک حادثہ، آٹو پر ٹرک پلٹنے سے 7 لوگوں کی موت

پولیس نے مہلوکین کی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور معاملے کی بھی تفتیش شروع ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع میں 5 جون کو ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 7 لوگوں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ یہ حادثہ ریوا میں ’وادیٔ موت‘ کے نام سے مشہور ’سوہاگی‘ میں پیش آیا۔ یہاں قبل میں بھی کئی سڑک حادثے ہو چکے ہیں، اور ان حادثات میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ اب ایک بار پھر یہاں سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے بعد مہلوکین کے رشتہ داروں میں ماتم پسر گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وادیٔ سوہاگی میں سڑک پر ایک بے قابو ٹرک اچانک آٹو پر پلٹ گیا۔ اس حادثہ میں 7 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور ضروری کارروائی شروع کر دی۔


پولیس نے مہلوکین کی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور تحقیقات بھی شروع کر دی ہے۔ اس دردناک حادثہ میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ جمعرات کی دوپہر سوہاگی تھانہ کے تحت قومی شاہراہ 30 پر پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ قومی شاہراہ 30 سے ایک ٹرک گزر رہا تھا، تبھی اچانک وہ بے قابو ہو کر آٹو کے اوپر پلٹ گیا۔ آٹو میں 8 افراد سوار تھے جن میں سے 7 کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آٹو میں سوار سبھی لوگ پریاگ راج سے گنگا اسنان کر کے مئوگنج ضلع کے نئی گڑھی جا رہے تھے۔ آٹوار سوار سبھی افراد نئی گڑھی کے ہی باشندہ تھے۔ ٹرک پریاگ راج سے ہو کر ریوا کی طرف جا رہا تھا۔ اے ایس پی وویک لال کا کہنا ہے کہ حادثہ کس کی لاپروائی سے ہوا اور حادثے کی اصل وجہ کیا ہے، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔