چندریان-3 کا ایک اور تجربہ ہوا کامیاب، وکرم لینڈر کی دوبارہ سافٹ لینڈنگ کی ویڈیو آئی سامنے

3 ستمبر کو وکرم لینڈر کی دوبارہ کامیاب سافٹ لینڈنگ کرائی گئی اور پہلے جس مقام پر لینڈر ماڈیول نے لینڈ کیا تھا، اتوار کے روز ہوئی لینڈنگ اس سے 30 سے 40 میٹر دور رہی۔

<div class="paragraphs"><p>وکرم لینڈر، ویڈیو گریب</p></div>

وکرم لینڈر، ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

اِسرو (انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن) کے ذریعہ چاند پر لگاتار تجربات کیے جا رہے ہیں اور پیر کے روز اِسرو نے مزید ایک کامیاب تجربہ کی خوشخبری دی۔ 3 ستمبر کو وکرم لینڈر کی دوبارہ کامیاب سافٹ لینڈنگ کرائی گئی اور پہلے جس مقام پر لینڈر ماڈیول نے لینڈ کیا تھا، کل کی لینڈنگ اس سے 30 سے 40 میٹر دور ہوئی ہے۔ اِسرو کا کہنا ہے کہ مستقبل کے مشن کے لیے اس طرح کا تجربہ کرنا ضروری تھا۔

اِسرو نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیے گئے تازہ پوسٹ میں بتایا کہ ’’ہندوستان کا وکرم لینڈر چاند پر پھر سے سافٹ لینڈ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وکرم لینڈر اپنے سبھی مشن پورے کر چکا ہے اور اب یہ کامیابی کے ساتھ ’ہوپ ایکسپریمنٹ‘ سے گزرا ہے۔‘‘ اِسرو نے مزید لکھا ہے کہ ’’کمانڈ دیے جانے پر وکرم لینڈر کے انجن چالو ہوئے اور یہ 40 سنٹی میٹر تک اوپر اٹھا، پھر 40-30 سنٹی میٹر دور جا کر سافٹ لینڈ ہو گیا۔‘‘ اسرو نے بتایا کہ اس کا مقصد مستقبل میں لینڈر کی واپسی اور آئندہ انسانی مشن کے لیے ٹرائل کرنا ہے۔


اس نئے مشن کے دوران وکرم لینڈر کے سبھی سسٹم بہتر انداز میں کام کر رہے تھے۔ رایم، چیسٹے اور اِلسا پے لوڈ کو بند کیا گیا اور بعد میں واپس انھیں ڈپلائے کر دیا گیا۔ چاند پر پرگیان رووَر کے سلیپ موڈ میں جانے کے بعد اِسرو کا وکرم لینڈر سے جڑا یہ ایک بڑا اَپڈیٹ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اِسرو نے گزشتہ ہفتہ کے روز جانکاری دی تھی کہ اب پرگیان رووَر سلیپ موڈ میں چلا گیا ہے، مجموعی طور پر 12 دن کام کرنے کے بعد اب یہ ایک محفوظ جگہ پر پارک ہو گیا ہے۔ پرگیان رووَر اب 22 ستمبر کا انتظار کر رہا ہے جب چاند پھر سے صبح ہوگی اور تب پرگیان رووَر کے پھر سے فعال ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ اپنے آپ میں اِسرو کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ اس کا صاف مطلب یہ ہوگا کہ چاند پر مزید 12 سے 14 دنوں تک رووَر پرگیان تحقیقی کام انجام دے سکے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔