امریکہ میں پھر مندر میں توڑ پھوڑ، دیواروں پر نازیبا کلمات لکھے گئے، وزارت خارجہ نے واقعہ کی شدید مذمت کی
کیلیفورنیا کے چِنو ہلس واقع ایک بی اے پی ایس ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور دیواروں پر نازیبا کلمات لکھے گئے۔ سوامی نارائنن مندر انتظامیہ نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
امریکہ میں ہندو مندر کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا ہے۔ کیلیفورنیا کے چِنو ہلس واقع ایک بی اے پی ایس (BAPS) ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور دیواروں پر نازیبا کلمات لکھے گئے۔ گزشتہ کچھ مہینوں میں یہ اس طرح کا دوسرا معاملہ ہے۔ 'باپس' سوامی نارائنن مندر انتظامیہ نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہندو فرقہ کے خلاف نفرت کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے کلیفورنیا کے چِنو ہلس میں ان کے مندر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس معاملے پر وزارت خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے۔ ہندوستان نے کیلیفورنیا کے چنو ہلس میں ایک ہندو مندر میں ہوئی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہم اس طرح کے غلط کاموں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہندو مندر میں ہوئی بے حرمتی کو ہم برداشت نہیں کرنے والے ہیں۔ وزارت نے کہا کہ ہم مقامی قانون نافذ کرنے والے افسروں سے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جسیوال نے اس معاملے پر کہا، "ہم نے کلیفورنیا کے چِنو ہلس میں ایک ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کے بارے میں رپورٹ دیکھی ہے۔ ہم اس طرح کی غلط حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔"
واضح رہے کہ امریکہ میں پہلے بھی ہندو مندروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہندو مندروں میں توڑ پھوڑ اور چوری کی گئی ہے اور کئی بار خالصتانی نعرے بھی لکھے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔