اتر پردیش میں بی جے پی کو لگا ایک اور جھٹکا، رکن اسمبلی جیتیندر ورما نے پارٹی چھوڑی

بی جے پی کے رکن اسمبلی جتیندر ورما نے پارٹی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی کی رکنیت اختیار کر لی ہے جس کو بی جے پی کے لئے ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔

جتیندر ورما تصویر ٹوئٹر @mla_verma
جتیندر ورما تصویر ٹوئٹر @mla_verma
user

قومی آوازبیورو

آگرہ ضلع کے فتح آباد اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی جتیندر ورما نے کل پارٹی سے استعفی دے دیا اور وہ سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں سماجوادی پارٹی کے آگرہ ضلع صدر کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔

اتر پردیش بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ کو بھیجے گئے خط میں جتیندر ورما نے تحریر کیا ہے کہ ’’میں بی جے پی کی رکنیت سے استعفی دے رہا ہوں، مہربانی کر کے اسے قبول کرنے کی زحمت کریں۔‘‘ ورما نے اپنے خط میں پارٹی چھوڑنے کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا ہے لیکن پارٹی سے ان کو ٹکٹ نہ ملنا اس کی وجہ مانی جا رہی ہے۔


سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ بی جے پی نے چونکہ اس انتخابات میں جتیندر ورما کو فتح آباد سے ٹکٹ نہیں دیا ہے اور ان کی جگہ چھوٹے لال ورما کو ٹکٹ دیا ہے اس لئے ان کے حامیوں میں ناراضگی اور غصہ تھا جس کی وجہ سے انہیں یہ فیصلہ لینا پڑا۔

واضح رہے جتیندر ورما پہلے سماجوادی کے رہنما ہی تھے جو سال 2014 میں بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے اور سال 2017 میں انہیں بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا تھا اور انہوں نے سماجوادی پارٹی کے راجیندر سنگھ کو 33 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے جیتیندر ورما پہلے ایسے رکن اسمبلی نہیں ہیں جنہوں نے بی جے پی کا دامن چھوڑا ہے ان سے پہلے بی جے پی کی حکومت میں رہے وزراء اور ارکان اسمبلی بھی پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔