بہار میں پھر موب لِنچنگ! مویشی چوری کے الزام میں نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل

مکامہ پولس تھانہ علاقے میں ایک نوجوان پر مویشی چوری کا الزام عائد کیا گیا اور ہجوم نے اسے بری طرح زد و کوب کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں ہجوم کے ذریعہ سڑکوں پر قانون کو ہاتھ میں لینے اور سزا دینے کے واقعات آنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ تازہ معاملہ ضلع پٹنہ کا ہے جہاں کے مکامہ پولس تھانہ علاقے میں ایک نوجوان پر مویشی چوری کا الزام عائد کیا گیا اور پھر ہجوم نے اسے بری طرح زد و کوب کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولس کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ برہان پور کے رہائشی مقتول اور اس کے کچھ نوجوان ساتھی پیر کی شب چوری کرنے کی نیت سے مور گاؤں میں گئے تھے۔ گاؤں والوں نے پولس کو بتایا کہ اسی وقت کھونٹے سے بندھی گائے اور بیل کو کھولتے وقت مویشی پروروں کی نیند کھل گئی اور لوگوں نے چوروں کو دوڑا دیا۔


دیہاتیوں نے ایک ملزم کو پکڑ لیا جبکہ دوسرا مشتبہ شخص فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دیہاتیوں نے مبینہ ملزم کو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے اس قدر پیٹا کے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولس نے گاؤں والوں کے چنگل سے زخمی نوجوان کو بازیاب کرایا اور اسے علاج کے لئے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے دم دیا۔

مکامہ کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولس لیپی سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بارہ پور گاؤں کے رہائشی متلو بِند کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے میں فوری کارروائی کی گئی، پولس واقعے میں ملوث 12 سے 15 افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور تفتیش جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Oct 2019, 2:11 PM
/* */