یوگی راج میں قرض میں ڈوبے ایک اور کسان کی خودکشی، فصل خراب ہونے سے صدمہ میں تھا

پڑوسیوں کے مطابق کسان ستیندر اپنی فصل برباد ہونے کی وجہ سے صدمے میں تھا اور اس پر قرض کی ادائیگی کا دباؤ تھا، وہ گزشتہ کئی دنوں سے ٹھیک سے کھا پی بھی نہیں رہا تھا اور بہت کم بات کر رہا تھا

موت، علامتی تصویر
موت، علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

فیروز آباد: اتر پردیش کے یوگی راج میں ایک اور کسان نے خودکشی کر لی ہے۔ فیروز آباد ضلع کے جٹاؤ گاؤں میں ایک 27 سالہ کسان نے شدید بارشوں سے فصل کو نقصان پہنچنے کے بعد اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ ستیندر کمار نے اپنی 3 بیگھہ زمین اور ٹھیکے پر لی گئی 20 بیگھہ زمین پر مرچ کی فصل لگائی تھی۔ بارش کی وجہ سے اس کی فصل تباہ ہو گئی۔

ستیندر دو لڑکوں کا باپ تھا، ایک بیٹا دو سال اور دوسرا چھ ماہ کا ہے۔ معلومات کے مطابق اس کی لاش کمرے میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ فیروز آباد ضلعی انتظامیہ نے کسان کے خاندان کو مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پڑوسیوں کے مطابق ستیندر اپنی فصل کے برباد ہونے کے بعد صدمے کی حالت میں تھا۔ اس نے بھاری قرض لیا ہوا تھا اور اس پر ادائیگی کا دباؤ تھا۔ ستیندر کے بڑے بھائی یتیندر کمار نے بتایا کہ ستیندر پچھلے کچھ دنوں سے ٹھیک سے کھا پی نہیں رہا تھا اور بہت کم بات کرنے لگا تھا۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات سے بالکل بے خبر تھے کہ وہ اتنا بڑا قدم اٹھائیں گے۔


سب ڈویژنل مجسٹریٹ منوج کمار سنگھ نے کہا کہ ہم معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ بارش سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ خاندان کو ضروری مدد حاصل ہو۔

گزشتہ ماہ بھی فیروز آباد ضلع کے نارکھی بلاک میں ایک 42 سالہ کسان کی اس وقت دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی جب اس کی گندم اور سرسوں کی فصل بارش اور ژالہ باری کی نذر ہو گئی تھی۔ مہلوک کسان رامیشور کمار کی لاش 18 جنوری کو ایک کھیت سے برآمد ہوئی تھی، اس نے اپنی 10 بیگھہ زمین اور ٹھیکے پر لی گئی 15 بیگھہ زمین پر آلو کی فصل بوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔