سالانہ امر ناتھ یاترا شروع، 3 ہزار یاتریوں پر مشتمل پہلا جتھہ پہلگام بیس کیمپ سے روانہ

سالانہ شری امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد جمعرات کی صبح پہلگام میں واقع ننون بیس کیمپ سے قریب پونے تین ہزار یاتریوں کے پوتر گھپا کی طرف روانہ ہونے کے ساتھ شروع ہو گئی

امرناتھ یاترا کا پہلا جتھہ روانہ / یو این آئی
امرناتھ یاترا کا پہلا جتھہ روانہ / یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: سالانہ شری امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد جمعرات کی صبح پہلگام میں واقع ننون بیس کیمپ سے قریب پونے تین ہزار یاتریوں کے پوتر گھپا کی طرف روانہ ہونے کے ساتھ شروع ہو گئی۔ ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ پیوش سنگلا نے 2 ہزار7 سو 50 یاتریوں پر مشتمل پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

اس موقع پر موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ 43 دنوں پر محیط اس یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یاتری اپنے آپ کو محفوظ محسوس کر سکیں اور وہ اچھے طریقے سے پوتر گھپا کا درشن کر سکیں۔ یاتریوں میں بھی کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور وہ ’ہر ہر مہا دیو‘ کے نعروں کی گونج میں اپنے منزل کی طرف روانہ ہوئے۔


ایک خاتون یاتری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ دو برس بعد اس سال یاترا کا موقع نصیب ہوا جس کے لئے میں بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے یاتریوں کی سولیات کے لئے بہترین انتطامات کئے ہیں۔ 43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ نے جہاں یاترا کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتطامات کو حتمی شکل دی ہے وہیں امسال یاترا کے لئے سیکورٹی کے فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر یاترا کے دوران 350 پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں تعینات رہیں گے۔


امسال یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کے لئے جہاں پہلی دفعہ ”آر او پی “پارٹی بھی ساتھ رہیں گی وہیں نگرانی کی خاطراینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال عمل میں لایا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس برس آٹھ لاکھ سے زائد یاتری پوترا شیو لنگم کے درشن کی خاطر وارد وادی ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔