انّا ہزارے کو بیدار کرنے کے لیے ’ڈھول بجاؤ، انّا جگاؤ‘ تحریک چلانے کا اعلان

سومناتھ کاشید نے کہا کہ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ انّا صرف چنندہ تحریک کرتے ہیں یا بی جے پی کے ایجنٹ ہیں؟ کیا انھوں نے کبھی بھی بی جے پی کے خلاف مہم نہیں چلانے کا عزم کر رکھا ہے؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایک غیر سیاسی تنظیم نے کئی تنظیموں کے ساتھ مل کر مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع واقع رالیگن-سدھی گاؤں پہنچ کر انّا ہزارے کو ’بیدار‘ کرنے کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ’دیش بچاؤ جن آندولن‘ (ڈی بی جے اے) کے سربراہ سومناتھ کاشید نے کہا کہ یکم جون کو پورے مہاراشٹر سے ہزاروں مرد و خواتین انّا ہزارے کے گاؤں پہنچیں گے۔ کاشید نے کہا کہ ’’ہم انّا کی توجہ مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ، خصوصاً رسوئی گیس (جس نے عوام کے لیے زندگی کو مشکل بنا دیا ہے) پر دھیان مرکوز کرنے کے لیے ایک ’ڈھول بجاؤ، انّا جگاؤ‘ تحریک شروع کریں گے، کیونکہ وہ لوگوں کی پریشانیوں سے انجان لگ رہے ہیں اور کمبھ کرن کی طرح آرام سے سو رہے ہیں۔‘‘

سومناتھ نے سوال کیا کہ ’’جب یو پی اے حکومت برسراقتدار تھی تب انّا ہزارے کئی طرح کی مہم چلانے میں بہت مصروف تھے اور حکومت کو اپنے سامنے جھکاتے تھے۔ اب بی جے پی کے گزشتہ آٹھ سالوں کی حکومت میں لوگ کئی طرح کے مسائل سے نبرد آزما ہیں لیکن انّا خاموش کیوں ہیں؟‘‘ انّا حامیوں کے یہ کہنے پر کہ 84 سالہ انّا بیمار رہتے ہیں، کاشید نے پوچھا کہ انّا نے گزشتہ ہفتے شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کیسے کیا تھا؟


سومناتھ نے کہا کہ ’’لوگ اب کھلے طور پر پوچھ رہے ہیں کہ کیا انّا ہزارے صرف ’چنندہ‘ تحریک کرتے ہیں یا وہ ’بی جے پی کے ایجنٹ‘ ہیں اور انھوں نے کبھی بھی بھگوا پارٹی کے خلاف کوئی مہم نہیں چلانے کا عزم کر رکھا ہے؟‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’کئی سیاسی پارٹیاں ہمارے رابطے میں ہیں اور ہم ’ڈھول بجاؤ، انّا جگاؤ‘ تحریک کو نئی دہلی تک لے جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔