یومِ پیدائش پر خاص: اداروں کو جدید ہندوستان کا مندر تصور کرتے تھے نہرو

جواہر لال نہرو جدید ہندوستان کے معمار تھے۔ 1947 میں ملک کا وزیر اعظم بننے کے بعد سے 1964 میں اپنے انتقال تک نہرو نے کئی اداروں کی شروعات کی۔ ان اداروں کو وہ جدید ہندوستان کا مندر کہتے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آج ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا 129واں یوم پیدائش ہے۔ آج جس ہندوستان کو ہم جانتے ہیں آزادی سے پہلے اور اس کے بعد اسے بنانے میں نہرو کے تعاون کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ملک میں گزشتہ کچھ سالوں سے اس تعاون کو کم اور چھوٹا کر کے دکھانے کی افسوسناک کوششیں جاری ہیں۔ لیکن تاریخ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ نہ تو اسے مٹایا جا سکا ہے اور نہ ہی اسے مٹایا جا سکتا ہے۔ دھند کے چھنٹتے ہی حقیقت روشنی کی طرح باہر آ جاتی ہے۔ اس یقین کو زندہ رکھنا ہی نہرو کے تئیں سچی عقیدت ہوگی۔

جواہر لال نہرو کو جدید ہندوستان کا معمار تصور کیا جاتا ہے۔ 1947 میں ملک کا وزیر اعظم بننے کے بعد سے 1964 میں اپنے انتقال تک نہرو نے کئی اداروں کی شروعات کی۔ ان اداروں کو وہ جدید ہندوستان کا مندر کہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں... جواہر لال نہرو کی شادی کا اُردو دعوت نامہ

نہرو نے 1950 میں الیکشن کمیشن تشکیل دی۔ ملک کی ترقی کو صحیح سمت و رفتار عطا کرنے کے لیے 1950 میں ہی انھوں نے پلاننگ کمیشن بھی تشکیل دی۔

ملک میں عالمی سطح کی تعلیم مہیا کرانے کے لیے 1950 میں آئی آئی ٹی، 1961 میں آئی آئی ایم اور 1956 میں ایمس کی شروعات کی گئی۔ انھوں نے 1961 میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن بنایا۔

دفاعی شعبہ میں ملک کو خود انحصار بنانے کے لیے 1954 میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور 1958 میں ڈی آر ڈی او کا قیام کیا گیا۔ نیوکلیائی قوت کے لیے ایٹومک انرجی کمیشن آف انڈیا کی تشکیل ہوئی۔

الگ الگ محاذ پر ملک کو ترقی کی سمت میں لے جانے کے لیے نہرو نے 1955 میں بھلائی اسٹیل پلانٹ کا قیام کیا، 1963 میں بھاکھڑا-نانگل باندھ کی تعمیر کی اور 1956 میں او این جی سی کی شروعات کی گئی۔

اس کے علاوہ ’سپر پاورس‘ کی آپسی رنجش سے ملک کو بچانے کے لیے انھوں نے ’نان الائنڈ‘ یعنی غیر وابستہ تحریک چلائی۔

لسانی پہچان کو عزت دینے کے لیے وہ ریاستی تشکیل نو آرڈیننس لے کر آئے۔ چھوٹے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے اراضی اصلاحات کو بھی متعارف کیا۔ ان کی حکمرانی میں مزدوروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کم از کم مزدوری بل بھی آیا۔

نہرو نے نئے ہندوستان کی تعمیر کچھ اسی طرح کے انتہائی اہم اقدام کے ذریعہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Nov 2018, 9:09 AM