اتراکھنڈ: انکتا بھنڈاری قتل معاملہ ہائی کورٹ پہنچا، ایس آئی ٹی کو اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت

اتراکھنڈ کا مشہور انکتا بھنڈاری قتل معاملہ اب ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے، اس معاملے میں عدالت نے سماعت کرتے ہوئے ایس آئی ٹی سے کیس ڈائری کے ساتھ اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اتراکھنڈ ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
اتراکھنڈ ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کا مشہور انکتا بھنڈاری قتل معاملہ اب ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ اس ریسورٹ قتل معاملے میں عدالت نے سماعت کرتے ہوئے ایس آئی ٹی سے کیس ڈائری کے ساتھ اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آئندہ سماعت کے لیے 3 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

پوڑی گڑھوال کے آشوتوش نیگی نے انکتا بھنڈاری قتل معاملے میں عرضی داخل کر کہا ہے کہ انکتا قتل معاملہ کے بعد یمکیشور کی رکن اسمبلی رینو بشٹ کی ہدایت پر ونتارا ریسورٹ میں بلڈوزر چلوا کر کیس سے متعلق اہم ثبوت ختم کر دیئے گئے۔ انکتا کے کمرے سے چادر تک غائب کر دی گئی۔ عرضی میں پورے معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سینئر جج جسٹس سنجے کمار مشرا کی سنگل بنچ نے معاملے میں سماعت کرتے ہوئے ایس آئی ٹی کو اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔


واضح رہے کہ پوڑی ضلع کے یمکیشور میں ونتارا ریسورٹ میں 19 سالہ انکتا بھنڈاری رسپشنسٹ کے طور پر کام کرتی تھی۔ وہ 19-18 ستمبر کو اچانک غائب ہو گئی، جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی۔ اس معاملے میں بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے اور ہوٹل کے مالک پلکت آریہ کا نام سامنے آنے کے بعد لوگوں میں غصہ بڑھ گیا تھا۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد بی جے پی نے ونود آریہ کو معطل کر دیا۔ ساتھ ہی پولیس نے پلکت آریہ سمیت تین لوگوں کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */