انل امبانی مشکل میں، ای ڈی نے کسا دوہرا شکنجہ، بینکوں سے قرض کی تفصیل مانگی گئی

ای ڈی نے بینکوں کو خط لکھ کر ریلائنس ہاؤسنگ فائنانس، ریلائنس کمیونکیشنس اور ریلائنس کمرشیل فائنانس کو دیے گئے قرض کی تفصیل مانگی ہے۔ گزشتہ ہفتے قرض کی دھوکہ دہی کے معاملے میں پہلی گرفتاری ہوئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>انیل امبانی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ریلائنس گروپ کے چیئرمین انل امبانی مشکل میں پھنستے جا رہے ہیں۔ مرکزی جانچ ایجنسی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک طرف انل امبانی کے گروپ کی کمپنیوں کے خلاف کروڑوں روپے کے مبینہ بینک قرض دھوکہ دہی سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں انہیں 5 اگست کو پوچھ تاچھ کے لیے سمن بھیجا ہے، وہیں دوسری طرف درجن بھر ایسے بینکوں کو خط لکھ کر ان کی مشکلیں دو گنی کر دی ہیں جنہوں نے ان کی کمپنیوں کو قرض دیے تھے۔ ای ڈی نے ان بینکوں کو خط لکھ کر ان کی کمپنیوں کو دیے گئے قرض کی تفصیل مانگی ہے۔ معاملے سے جڑے لوگوں نے پیر کو یہ اطلاع دی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ای ڈی نے 13-12 عوامی اور پرائیویٹ بینکوں کو خط لکھ کر ریلائنس ہاؤسنگ فائنانس، ریلائنس کمیونکیشنس اور ریلائنس کمرشیل فائنانس کو دیے گئے قرض کی تفصیل مانگی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی نے جن بینکوں کو خط لکھا ہے، ان میں ایس بی آئی، ایکسس بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، یوکو بینک اور پنجاب اینڈ سندھ بینک شامل ہیں۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ای ڈی انل امبانی کی قیادت والے ریلائنس گروپ کو دیے گئے قرض کے معاملے میں ان قرض کو منظور کرنے اور جاری کرنے والے بینک افسروں کو بھی پوچھ تاچھ کے لیے طلب کر سکتی ہے جو بعد میں این پی اے بن گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے قرض منظوری کے عمل، چوک کی حد مقرر اور ایسے کھاتوں پر کی گئی وصولی کارروائی کی بھی تفصیل مانگی ہے۔

ایجنسی نے گزشتہ ہفتے انل امبانی کے ریلائنس گروپ کی کمپنیوں کے خلاف 3000 کروڑ روپے کے قرض کی دھوکہ دہی کے معاملے میں پہلی گرفتاری کی تھی۔ بسوال ٹریڈ لنک پرائیویٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر پارتھ سارتھی بسوال کو جمعہ کو پی ایم ایل اے 2002 کے تحت 68.2 کروڑ روپے کی فرضی گارنٹی جمع کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گارنٹی ریلائنس پاور کی طرف سے دی گئی تھی۔


واضح رہے کہ ای ڈی 2017 اور 2019 کے درمیان یس بینک کے ذریعہ ریلائنس گروپ کی کمپنیوں کو دیے گئے تقریباً 3000 کروڑ روپے کے مبینہ قرض ہیرا پھیری کی جانچ کر رہی ہے۔ ایجنسی نے پایا ہے کہ بینک کے پروموٹرز کو قرض منظور ہونے سے ٹھیک پہلے ادائیگی بھی حاصل ہوئی تھی جو ایک لین-دین نظام کا اشارہ دیتا ہے۔ ایجنسی نے گزشتہ مہینے اس معاملے سے جڑے 50 سے زیادہ فرموں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ انل امبانی کے خلاف لُک آوٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔