دہلی کے اسپتال میں ناراض شرابی مریض نے ڈاکٹر پر قینچی سے کیا حملہ

پولیس کے مطابق ڈاکٹر ویپن جھا جیسے ہی مریض کا علاج کرنے پہنچے، وہ مشتعل ہو گیا اور اسپتال چھوڑنے پر بضد ہو گیا اور قینچی سے حملہ کر دیا، ڈاکٹر کے ہاتھ پر کچھ ہلکے زخم آئے ہیں۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے ایک سرکاری اسپتال میں ایک مریض نے جمعہ کو ایک ڈاکٹر پر مبینہ طور پر قینچی سے حملہ کر دیا جس سے وہ معمولی طور سے زخمی ہو گیا۔ مریض کو شراب کی عادت چھڑانے کے لیے بھرتی کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس نے کہا کہ معاملے میں ڈاکٹر نے کوئی شکایت نہیں درج کرائی ہے۔

مغربی دہلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر گھنشیام بنسل نے کہا کہ صبح اطلاع ملی کہ مغربی دہلی کے تلک نگر واقع سنٹرل اسپتال کے آئی سی یو میں ایک مریض نے ایک ڈاکٹر کو چاقو مار دیا ہے۔ پولیس نے جب معاملے کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ ملزم کلدیپ سنگھ (40 سال) کو 13 اپریل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاکہ اسے شراب کی عادت سے چھٹکارا مل سکے اور اس کا وقتاً فوقتاً پڑنے والے دورے کا علاج بھی ہو سکے۔


ڈی سی پی بنسل نے کہا کہ اسپتال میں جب ڈاکٹر ویپن جھا اس کا علاج کرنے آئے تو مریض مشتعل ہو گیا اور اس نے علاج سے بچنے کی کوشش کی اور اسپتال چھوڑنے پر بضد ہو گیا۔ ڈاکٹر نے چڑچڑے مریض کو آرام دینے کی کوشش کی، لیکن غصے میں آ کر کلدیپ سنگھ نے قینچی اٹھا لیا اور ڈاکٹر پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس سے ڈاکٹر کے ہاتھ پر کچھ ہلکے زخم آئے۔

ڈی سی پی بنسل کا کہنا ہے کہ پولیس نے اس واقعہ کے تعلق سے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی ہے، کیونکہ ڈاکٹر نے مریض کے خلاف کوئی شکایت نہیں کی تھی۔ ذرائع کے مطابق فی الحال مریض کا علاج جاری ہے اور اسے سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔