آندھرا پردیش میں خواتین کے لیے آرٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت 15 اگست سے
اے پی ایس آر ٹی سی کی جملہ 11,449 بسوں میں سے 74 فیصد بسوں پر یہ اسکیم نافذ ہوگی۔ حکومت دو روز میں اس اسکیم سے متعلق تفصیلی احکامات جاری کرے گی۔

آندھرا پردیش میں خواتین کے لیے مفت بس کے سفر کی سہولت کی اسکیم کے انتظامات میں حکام مصروف ہیں، جو 15 اگست سے شروع ہونے والی ہے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 74 فیصد یعنی 8,458 بسیں مختص کی گئی ہیں۔ خواتین کے ہجوم کے امکانات کے پیش نظر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں آن ڈرائیوروں کی تعداد میں اضافہ اور چند روز تک کنڈکٹروں کو ڈبل ڈیوٹی دینے جیسے انتظامات شامل ہیں۔
اے پی ایس آر ٹی سی کی جملہ 11,449 بسوں میں سے 74 فیصد بسوں پر یہ اسکیم نافذ ہوگی۔ حکومت دو روز میں اس اسکیم سے متعلق تفصیلی احکامات جاری کرے گی، جن میں یہ وضاحت ہوگی کہ کون سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت ہوگی اور کس قسم کے شناختی کارڈس قبول کیے جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ چندرابابو 15 اگست کو صبح یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد دوپہر میں منگل گری سے اس اسکیم کا آغاز کریں گے۔
ایکسپریس بسوں میں شامل بعض بین الریاستی سروسس، جو ریاست کے مختلف علاقوں سے کرناٹک، تمل ناڈو اور تلنگانہ کے مختلف مقامات تک چلتی ہیں، اس اسکیم میں شامل نہیں ہوں گی۔ علاوہ ازیں، لوری سیتاراما راجو ضلع کے پادرُو اور نندیال ضلع کے سری سیلم گھاٹ روٹس پر چلنے والی ایکسپریس بسوں میں بھی یہ اسکیم نافذ نہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، کیونکہ ان روٹس پر ہجوم بڑھنے سے گھاٹ سڑکوں پر بس چلانا مشکل ہو سکتا ہے۔ نان اسٹاپ ایکسپریس بسوں پر بھی مفت سفر کی سہولت نہیں دی جائے گی۔
ڈرائیوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہر ڈپو میں روزانہ لیے جانے والے عارضی ڈرائیوروں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ جن ڈپوز میں کنڈکٹر کم ہیں وہاں دیگر ڈیوٹی کرنے والے کنڈکٹروں کی او ڈی منسوخ کر کے انہیں بس ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔ بعض بس اسٹینڈز میں نان اسٹاپ بسوں کے لیے ٹکٹ جاری کرنے والے گراؤنڈ بُکنگ مراکز پر موجود کنڈکٹروں کو بھی بس ڈیوٹی پر بھیجا جائے گا۔ ڈپو مینیجرز نے کنڈکٹروں سے چند دنوں تک ڈبل ڈیوٹی دینے کی درخواست کی ہے۔
حکام کا اندازہ ہے کہ خواتین کے مفت سفر کے باعث بسوں میں مرد مسافروں کی تعداد میں کمی آئے گی۔ اس وقت 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین سفر کرتی ہیں، لیکن اس اسکیم کے بعد مرد مسافروں کی شرح 33 فیصد اور خواتین کی شرح 67 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ مرد مسافروں کی کمی سے اے پی ایس آر ٹی سی کو سالانہ 288 کروڑ روپے آمدنی میں کمی آئے گی۔
حکام کے مطابق خواتین مسافروں کے کرایوں کی مالیت سالانہ 1,453 کروڑ روپے ہوگی۔ اس کے علاوہ، اس اسکیم کے باعث آپریٹنگ اخراجات میں مزید 201 کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا۔ یوں مجموعی طور پر اس نئی اسکیم سے اے پی ایس آر ٹی سی پر ماہانہ تقریباً 162 کروڑ روپے اور سالانہ 1,942 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔