آندھرا کے نئے گورنر وشوا بھوشن ہری چندن نے عہدے کا حلف لیا

اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے وشوا بھوشن ہری چندن کی پیدائش 3 اگست 1934 کو ہوئی تھی۔ وہ معاشیات میں پی جی کی ڈگری رکھتے ہیں۔ انہیں وسیع سیاسی تجربہ ہے۔ انہوں نے 1971میں جن سنگھ کے ذریعہ سیاست میں قدم رکھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

آندھراپردیش کے نئے گورنر کے طورپر وشوا بھوشن ہری چندن نے حلف لے لیا ہے۔ اے پی ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس سی پراوین کمار نے ان کو راج بھون میں حلف دلایا۔

متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود ای ایس ایل نرسمہن دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے مشترکہ گورنر کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے تاہم حال ہی میں مرکز نے اے پی کے گورنر کے طور پر اڈیشہ بی جے پی کے سینئر لیڈر وشوا بھوشن ہری چندن کو مقرر کیا تھا جبکہ نرسمہن تلنگانہ کے گورنر کے طور پر برقرار رہیں گے۔


منگل کی شام وشوا بھوشن ہری چندن بھونیشور سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ وجئے واڑہ پہنچے۔ گناورم ایئرپورٹ پر وزیراعلی جگن موہن ریڈی اور اعلی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وہ راج بھون پہنچے جہاں پولس کے دستوں نے ان کو سلامی دی۔ آج 11.30بجے راج بھون میں انہوں نے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعلی جگن موہن ریڈی، اسپیکر ٹی سیتارام، ریاستی وزرا، چیف سکریٹری ایل وی سبرامنیم، ڈی جی پی گوتم سوانگ، اپوزیشن لیڈر چندرابابونائیڈو، ہائی کورٹ کے ججس، اہم شخصیتوں اور اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔ حلف برداری تقریب کے موقع پر راج بھون میں سخت سیکوریٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس حلف برداری تقریب کے سبب اسمبلی کی کارروائی دوپہر تک ملتوی کردی گئی۔ تقریب میں شرکت کے لئے ارکان اسمبلی، ارکان کونسل خصوصی بس کے ذریعہ راج بھون پہنچے۔


اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے وشوا بھوشن ہری چندن کی پیدائش 3 اگست 1934 کو ہوئی تھی۔ وہ معاشیات میں پی جی کی ڈگری رکھتے ہیں۔ انہیں وسیع سیاسی تجربہ ہے۔ انہوں نے 1971میں جن سنگھ کے ذریعہ سیاست میں قدم رکھا۔ انہیں بی جے پی کی قومی عاملہ کارکن، اڈیشہ بی جے پی کا جنرل سکریٹری بھی بنایا گیا تھا۔

انہوں نے جئے پرکاش نارائن کی تحریک میں اہم رول ادا کیا تھا۔ 1980 سے 1988تک انہوں نے اڈیشہ بی جے پی صدر کے طور پر ذمہ داری سنبھالی تھی۔ 1988میں وہ جنتا پارٹی میں شامل ہوئے۔ 1990میں بیجو پٹنائک حکومت میں وہ وزیر بھی بنائے گئے تھے۔ اپریل 1996میں بھی دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوگئے اور بی جے پی، بی جے ڈی اتحادی حکومت میں وزیر کے طور پر انہوں نے خدمات انجام دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔