آندھرا پردیش: کھیل کھیل میں کار میں بند ہو گئے بچے، دم گھٹنے سے چاروں معصوم کی موت
یہ واقعہ ایسٹ گوداوری ضلع کے دوارا پُڑی گاؤں میں پیش آیا۔ مرنے والے بچوں کی عمر 6 سے 8 سال کے درمیان ہے۔ یہ سبھی اپنے رشتہ دار کے یہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

ویڈیو گریب
آندھرا پردیش کے ایسٹ گوداوری ضلع کے دوارا پُڑی گاؤں میں ایک دہل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں کھیلتے وقت کار کا دروازہ بند ہوجانے کی وجہ سے 4 بچوں کی دم گھٹنے سے جان چلی گئی۔ یہ واقعہ گاؤں کے مہیلا منڈل دفتر کے پاس اس وقت پیش آیا جب بچے وہاں کھڑی ایک لاوارث کار میں بیٹھ کر کھیل رہے تھے۔
اطلاع کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمر 6 سے 8 سال کے درمیان ہے۔ یہ بچے اپنے رشتہ دار کے یہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ اس دوران بچے کھیلتے کھیلتے لاوارث کار میں جا کر بیٹھ گئے۔ غلطی سے اندر سے دروازہ بند ہو گیا۔ باہر کسی کو اس کا اندازہ نہیں ہوا، جب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور چاروں معصوم کی جان جا چکی تھی۔
ایم ایس ایم ای وزیر کونڈا پلّی شرینواس نے اس حادثے پر شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا- ’’شادی کی تقریب میں شامل ہونے والے کنبہ کے یہ بچے پاس میں کھیل رہے تھے، تبھی وہ ایک لاوارث کار میں جا کر گھس گئے اور اندر سے بند ہو گئے۔ کافی دیر بعد کنبہ والوں کو پتہ چلا۔ لیکن تب تک چاروں بچوں جس میں ایک لڑکا اور تین لڑکیاں تھیں، کی موت ہو چکی تھی۔‘‘
اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جانچ کی کارروائی شروع کر دی۔ اس دردناک حادثے سے پورے گاؤں میں صدمے کا ماحول ہے اور شادی کا جشن ماتم میں تبدیل ہو چکا ہے۔
غور طلب رہے کہ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ سال گجرات کے امریلی ضلع میں بھی اس طرح کا معاملہ پیش آیا تھا۔ یہاں ایک ساتھ 4 بچوں کی موت سے پورے گاؤں میں صدمے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ دراصل ان بچوں کے ماں باپ کھیت پر کام کرنے گئے تھے۔ بچے گھر پر تھے، وہ آپس میں مل کر کھیل رہے تھے، اسی درمیان قریب میں کھڑی کار کے اندر جا کر بیٹھ گئے۔ کچھ ہی لمحہ میں دروازہ اندر سے لاک ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دم گھٹنے کی وجہ سے چاروں کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ امریلی کے رندھیا گاؤں میں پیش آیا تھا اور جان گنوانے والے بچے مدھیہ پردیش کے رہنے والے ایک کسان مزدور جوڑے کے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔