آندھرا پردیش: سابق وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے جلسہ میں بھگدڑ، 7 لوگوں کی موت، کئی افراد زخمی

حادثہ کے پیش نظر چندرابابو نائیڈو نے فوراً جلسہ کو رد کر دیا اور مہلوکین کے کنبہ کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا، انھوں نے پارٹی لیڈروں سے کہا ہے کہ زخمیوں کا بہتر علاج یقینی بنائیں۔

<div class="paragraphs"><p>چندرابابو نائیڈو کی فائل تصویر</p></div>

چندرابابو نائیڈو کی فائل تصویر

user

قومی آوازبیورو

آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) چیف چندرابابو نائیڈو کے ایک جلسہ میں بھگدڑ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بھگدڑ میں نہ صرف سات لوگوں کی موت ہو گئی ہے بلکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ جلسہ نیلور ضلع کے کندکور میں منعقد ہوا تھا جہاں لوگوں کی کافی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔

موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ بھگدڑ کے بعد زخمی ہوئے لوگوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ ان میں سے 5 لوگوں کو ڈاکٹرس نے اسی وقت مردہ قرار دے دیا۔ بعد میں مزید دو لوگوں کی موت کی اطلاع ڈاکٹرس کے ذریعہ دی گئی۔ کم از کم 8 افراد اب بھی زخمی بتائے جا رہے ہیں جن میں سے 2 کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ جلسہ کے دوران پارٹی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تھی جس نے کچھ ہی دیر میں بھگدڑ کی شکل اختیار کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین سبھی 7 افراد ٹی ڈی پی کے ہی کارکنان ہیں۔ پولیس کے مطابق بدھ کے روز جب چندرابابو نائیڈو ایک روڈ شو سے خطاب کر رہے تھے تبھی بھگدڑ کی حالت پیدا ہوئی اور وہاں نہر میں گرنے کے سبب ایک خاتون سمیت 7 افراد کی موت واقع ہو گئی۔

ابتدائی خبروں کی بنیاد پر پولیس نے بتایا کہ جلسہ کے مقام پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے اور کسی بات پر دھکا مکی ہوئی جس سے بھگدڑ کی حالت پیدا ہو گئی۔ اس حادثہ کے پیش نظر چندرابابو نائیڈو نے فوراً جلسہ کو رد کر دیا اور مہلوکین کے کنبہ کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انھوں نے پارٹی لیڈروں سے کہا ہے کہ زخمیوں کا بہتر علاج یقینی بنائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔