اندھیری ایسٹ ضمنی انتخاب: راج ٹھاکرے نے فڈنویس کو لکھا بی جے پی امیدوار نہ کھڑا کرے

ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کو تحریری طور پر کہا ہے کہ وہ اندھیری ایسٹ اسمبلی حلقہ  کے ضمنی انتخاب کے لئے امیدوار نہ کھڑا کرے۔

راج ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
راج ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ممبئی میں اندھیری ایسٹ سیٹ پر ہونے والا ضمنی انتخاب کافی دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔ ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے بی جے پی سے اپیل کی ہے کہ شیوسینا کے آنجہانی ایم ایل اے رمیش لٹے کی بیوی رتوجا کو بلامقابلہ منتخب ہونے کی اجازت دی جائے۔

این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے اتوار کو شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کی امیدوار ریتوجا لٹے کی 3 نومبر کو ہونے والے اندھیری ایسٹ اسمبلی ضمنی انتخابات میں بلا مقابلہ جیت کا مطالبہ کیا۔  واضح رہے کہ رمیش لٹکے کی موت کی وجہ سے اس سیٹ پر ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ رمیش کی بیوی ریتوجا لٹکے بی جے پی کے مرجی پٹیل کے خلاف میدان میں ہیں۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 17 اکتوبر یعنی آج  ہے۔  


قبل ازیں، ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس کو خط لکھا تھا، جس میں ان پر زور دیا تھا کہ وہ آنجہانی ایم ایل اے رمیش کے اعزاز میں اندھیری ایسٹ اسمبلی حلقہ کے آئندہ ضمنی انتخاب کے لیے اپنی پارٹی کا امیدوار کھڑا نہ کریں۔ فڈنویس نے اعتراف کیا کہ یہ خط انہیں جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ لینے سے پہلے انہیں پارٹی قیادت سے بات کرنی ہوگی۔ بی جے پی لیڈر کو لکھے گئے ایک خط میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ ایم این ایس آنجہانی ایم ایل اے کا احترام ظاہر کرنے کے لیے ضمنی انتخابات نہیں لڑے گی۔ انہوں نے یہ خط سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔

ایم این ایس سربراہ نے کہا، ’’ایم ایل اے رمیش لٹکے کی موت کے بعد اندھیری ایسٹ کا ضمنی انتخاب ہونا ہے اور ان کی بیوی ریتوجا نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ ایم این ایس مرحوم کی روح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے کے لئے الیکشن نہیں لڑے گی۔ کانگریس اور این سی پی نے رتوجا لٹے کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔