ہریانہ کو دہلانے کی کوشش ناکام، کیتھل سے ایک کلو دھماکہ خیز مواد برآمد

پولیس نے کہا کہ علاقہ کو سیل کر دیا گیا اور بم ناکارہ کرنے والے دستہ کی مدد سے دھماکہ خیز مواد کو بے اثر بنا دیا گیا۔ ایس ایچ او کے مطالق اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: ہریانہ کے کیتھل میں خوف و ہراس پھیلانے کی بڑی سازش ناکام بنا دی گئی ہے۔ پولیس نے ایک کلوگرام دیسی ساختہ بم برآمد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد کو ایک ’آئی ای ڈی‘ کے ساتھ لوہے کے ڈبے میں رکھا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا اور پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہریانہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس کو اس بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ آئی ای ڈی دھماکہ خیز مادہ ’آر ڈی ایکس‘ سے بھری ہوئی تھی اور اسے جیند روڈ پر قینچی چوک کے ایک گاؤں میں سڑک کے کنارے سے برآمد کیا گیا ہے۔


ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، ہریانہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے شام کو آئی ای ڈی برآمد کیا۔ تیترم تھانے کے ایس ایچ او رام لال نے فون پر بتایا کہ آئی ای ڈی کا وزن 1.16 کلو گرام ہے اور اسے لوہے کے ڈبے میں رکھا گیا تھا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایس ٹی ایف نے گزشتہ ماہ کروکشیتر ضلع میں شاہ آباد کے قریب سے بھی تقریباً 1.3 کلوگرام آر ڈی ایکس پر مشتمل ایک آئی ای ڈی برآمد کیا تھا۔

ہریانہ پولیس نے مئی میں کرنال سے چار لوگوں کو گرفتار کیا تھا، جن کے قبضے سے 3 آئی ای ڈی (ہر ایک کا وزن 2.5 کلوگرام) اور ایک پستول برآمد کی تھی۔ اس کے علاوہ مارچ میں انبالہ-چنڈی گڑھ ہائی وے کے قریب سادوپور گاؤں میں ایک سرکاری اسکول کے قریب ویران زمین سے 3 زندہ دستی بم برآمد کئے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔