امت شاہ کا احمد آباد دورہ، پولیس نے لوگوں سے کہا ’کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں‘

احمد آباد کے ویجل پور علاقے میں پولیس نے اتوار کو وہاں رہنے والے لوگوں سے کہا کہ وہ اس کمیونٹی ہال کے سامنے کی اپنی کھڑکیاں اور دروازے بند کر لیں جس کا افتتاح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کریں گے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گجرات کے تین روزہ دورہ پر ہیں اور آج انھوں نے احمد آباد میں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ انھوں نے احمد آباد کے ویجل پور میں ایک کمیونٹی ہال کا بھی افتتاح کیا، لیکن اس جگہ کے لوگوں سے کی گئی پولیس محکمہ کی اپیل نے سبھی کو حیرت میں ڈال رکھا ہے۔ دراصل سیکورٹی اسباب کا حوالہ دیتے ہوئے ویجنل پور تھانہ پولیس انسپکٹر ایل ڈی اوڈیڈرا نے سوامی نارائن سواتی سوسائٹی اور ویجنل پور کمیونٹل ہال کے آس پاس کے دیگر سماجوں کے باشندوں سے اپنی کھڑکیاں اور دروازے بند کرنے کی گزارش کی تھی۔ یہ معاملہ اب لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اوڈیڈرا نے مقامی باشندوں سے ایک خط کے ذریعہ گزارش کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ویجل پور کمیونٹی ہال کا افتتاح کرنے کے لیے یہاں پہنچ رہے ہیں اور چونکہ عزت مآب شخص کو زیڈ پلس سیکورٹی کے ساتھ تحفظ فراہم کی جاتی ہے، اس لیے ہم سبھی باشندوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اتوار کو 10 بجے صبح سے دوپہر 1 بجے تک ہال کے سامنے کی اپنی کھڑکیاں اور دروازے بند کر دیں۔‘‘


اوڈیڈرا نے خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس کو اس سلسلے میں بتایا کہ ’’یہ صرف ایک گزارش ہے، کوئی حکم نہیں۔ ہم نے نگرانی کو آسانی بنانے کے لیے مقامی شہریوں سے گزارش کی۔ اگر ہال کے سامنے کی کھڑکیاں اور دروازے بند رہیں تو ہمارے پاس سیکورٹی اور نگرانی کے لیے کم علاقے ہوں گے، یہی مقصد تھا اور کچھ نہیں۔‘‘ جب اوڈریڈ سے یہ پوچھا گیا کہ کیا اس خط کے تعلق سے انھیں کوئی ہدایت جاری کی گئی تھی، تو انھوں نے کہا کہ ’’مجھے ایسا کوئی حکم نہیں دیا گیا ہے۔ یہ گزارش پوری طرح سے میری طرف سے ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔