ہتک عزتی معاملہ میں امت شاہ کے وکیل نے اسپیشل کورٹ میں پیش کی صفائی!

امت شاہ کے وکیل نے جب اسپیشل کورٹ کو بتایا کہ بھجوائے گئے سمن میں پتہ غلط تھا، تو ودھان نگر کی ایم پی-ایم ایل اے خصوصی عدالت نے کیس کو بنک شال میٹرو پولیٹن عدالت میں منتقل کر دیا۔

امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال واقع سالٹ لیک میں ودھان نگر کی ایک خصوصی عدالت نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی کے ذریعہ دائر ہتک عزتی کا مقدمہ پیر کے روز بنک شال میٹروپولیٹن عدالت میں منتقل کر دیا۔ اس معاملے کی سماعت ایم پی- ایم ایل اے خصوصی عدالت میں پیر کو جب شروع ہوئی تو امت شاہ کی جانب سے پیش وکیل برجیش جھا نے عدالت کو بتایا کہ امت شاہ کو بھجوائے گئے سمن میں پتہ غلط تھا۔ اس جانکاری کے بعد ودھان نگر کی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے کیس کو بنک شال میٹرو پولیٹن عدالت میں منتقل کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی سیاسی بیان بازیوں کا دور شروع ہو گیا جو دھیرے دھیرے عروج پر پہنچتا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی کے ہر بڑے و چھوٹے لیڈران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھشیک بنرجی پر حملہ آور نظر آ رہے ہیں۔ ابھشیک بنرجی کے لیے ’تولاباز بھائیپو‘ یعنی ’وصولی باز بھتیجا‘ جیسے الفاظ کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ امت شاہ کے کچھ بیانات سے ابھشیک بنرجی اتنے مغموم ہوئے کہ ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں ہتک عزتی کا مقدمہ داخل کر دیا۔


اس تعلق سے خصوصی جج نے گزشتہ دنوں امت شاہ کے نام سمن جاری کیا تھا جس میں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ 22 فروری کی صبح 10 بجے تک بذات خود یا پھر وکیل کے ذریعہ پیش ہوں۔ جج نے یہ بھی کہا تھا کہ امت شاہ کا بذات خود یا پھر وکیل کے ذریعہ عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے تاکہ تعزیرات ہند کی دفعہ 500 کے تحت داخل ہتک عزتی کے کیس میں جواب دیا جا سکے۔ آج وکیل برجیش جھا امت شاہ کی طرف سے عدالت میں حاضر ہوئے تھے، اور جب بتایا کہ امت شاہ کو بھجوائے گئے سمن میں پتہ غلط تھا، تو پھر اسپیشل کورٹ نے اس کیس کو دوسری عدالت میں منتقل کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔