امت شاہ نے جموں وکشمیر کے صدر راج میں 6 مہینے کی توسیع کرائی

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز 3 جولائی سے 6 مہینے کے لئے جموں و کشمیر میں صدر راج کی توسیع کے حوالہ سے ایک تجویز پیش کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت نے جموں وکشمیر میں صدر راج کی مدت چھ مہینے اور بڑھانے کی تجویز اور ریاست کے جموں، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد سے ملحق گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو ریزرویشن کا فائدہ دیئے جانے سے متعلق بل کو لوک سبھا میں پیش کیا۔ اس تجویز کو

بعد ازاں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے جموں و کشمیر کے صدر راج میں 6 مہینے کی توسیع کرنے کی تجویز کو لوک سبھا میں اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان میں اس بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ریاست میں پائیدار امن وقانون برقرار رکھنے کے لئے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کی کارروائی جاری رہے گی۔


شاہ نے کہا کہ ریاست میں گورنر راج اور صدر راج کے دوران ایک سال میں پہلی بار دہشت گردی کے خلاف 'زیرو ٹالرنس' کی پالیسی اختیار کی گئی ہے اور حکومت دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخری حصہ میں جموں و کشمیر میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ جموں و کشمیر میں سرحد کی حفاظت اور عوام کی فلاح و بہبودحکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شاہ نے وزیر دفاع اور پچھلی حکومت میں وزیر داخلہ رہے راج ناتھ سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ نے ریاست کے نظم ونسق کو درست کرنے کے لئے جو بھی فیصلے کئے تھے، انہیں طے شدہ میعاد میں مکمل کیا جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ کے وزیر داخلہ رہتے ہوئے کئے گئے فیصلے کے مطابق کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر 15 ہزار نئے بنکر بنائے جا رہے ہیں جو طے شدہ میعاد میں بن جائیں گے۔ اس وقت 4400 بنکر بن گئے ہیں۔


جموں کشمیر ریزرویشن (ترمیمی) بل 2019 کے سلسلے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بل کے ذریعے ریاست میں جاری ریزرویشن کے نظام میں پاکستان سے ملحق بین الاقوامی سرحد کے گاووں کو بھی ریزرویشن کے دائرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے سامبا کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے تقریباً ساڑھے تین لاکھ لوگوں کو فائدہ ہو گا۔

اس سے قبل پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے صدر اوم برلا سے جموں کشمیر میں صدر راج کی میعاد میں توسیع اور ریزرویشن ترمیمی بل کو ایک ساتھ اٹھانے کی اجازت مانگی تو کانگریس کے منیش تیواری نے اعتراض ظاہر کیا کہ اور کہا کہ دونوں مختلف موضوعات ہیں تو ایک ساتھ نہیں اٹھائے جا سکتے ہیں۔اس پر شاہ نے کہا کہ وہ ایوان کا وقت بچانے کے لئے ایک ساتھ بحث کے لئے وقت مانگ رہے ہیں۔ووٹنگ تو مختلف ہی ہوگی۔ اس پراسپیکر نے انہیں اجازت دے دی۔ ریووليوشنري سوشلسٹ پارٹی کے این کے پریم چندرن نے جموں کشمیر ریزرویشن ترمیمی بل کے اتفاق رائے سے منظور کیے جانے کی تجویز پیش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔