منی پور تشدد معاملے پر امت شاہ نے کی اعلیٰ سطحی میٹنگ، وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نہیں ہوئے شریک

اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کئی بڑے افسران شامل ہوئے، لیکن منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ اس میں نظر نہیں آئے جو حیران کرنے والی بات ہے۔

امت شاہ / یو این آئی
امت شاہ / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

منی پور میں تشدد کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ روزانہ کسی نہ کسی مقام سے دو طبقات میں تصادم یا پھر سیکورٹی اہلکاروں سے تصادم کی خبریں سامنے آ جاتی ہیں۔ اس درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج منی پور معاملے پر اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ وزارت داخلہ میں ہوئی اس میٹنگ میں منی پور کے ڈی جی پی راجیو سنگھ کے ساتھ ساتھ آسام رائفلز اور فوج کے سینئر افسران بھی موجود رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں امت شاہ نے افسران سے منی پور کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس میٹنگ میں کئی اعلیٰ افسران ضرور شامل ہوئے، لیکن منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ یہاں نظر نہیں آئے جو کہ حیران کرنے والی بات ہے۔


بہرحال، وزیر داخلہ کی یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک دن قبل یعنی اتوار کو منی پور کی گورنر انوسوئیا اوئیکے نے امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کے دوران منی پور کے موجودہ حالات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہوگا۔ منی پور میں گزشتہ ایک سال سے بھی زائد مدت سے نسلی تشدد جاری ہے اور اس پر قابو پانے کی ہر کوشش فی الحال ناکام ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ تشدد کے ان واقعات میں کوکی اور میتئی طبقات سے تعلق رکھنے والے کئی لوگوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کی بھی جان جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔