ووٹ چوری کے دَم پر امت شاہ نے 50-40 سالوں تک بی جے پی کی حکومت کا کیا دعویٰ: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’امت شاہ نے بار بار کہا کہ بی جے پی حکومت 50-40 سال تک رہے گی۔ پہلے یہ بیان عجیب لگا، اب سچائی سامنے آ گئی ہے۔ ایسا اس لیے کہہ پا رہے تھے، کیونکہ یہ لوگ ووٹ چوری کرتے ہیں۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بہار میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران مدھوبنی میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’امت شاہ نے کئی بار کہا ہے کہ بی جے پی حکومت 50-40 سال تک رہے گی۔ پہلے یہ بیان مجھے عجیب لگا، امت شاہ کو کیسے پتہ کہ 50-40 سال تک حکومت چلے گی۔ اب سچائی سامنے آ گئی ہے۔ امت شاہ ایسا اس لیے کہہ پا رہے تھے، کیونکہ یہ لوگ ووٹ چوری کرتے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا کہ ووٹ چوری کا سلسلہ سالوں سے جاری ہے۔ یہ چوری گجرات (اسمبلی انتخاب) سے شروع ہوئی، پھر پارلیمانی انتخاب میں ووٹوں کی چوری ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ’’پہلے میرے پاس ثبوت نہیں تھے۔ مجھے لگا کہ کچھ نہ کچھ تو گڑبڑ ہے۔ میں نے ثبوت کا انتظار کیا۔ مہاراشٹر-ہریانہ کے انتخابات ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم طے کرتے ہیں کہ الیکشن کمشنر کون بنے گا؟ وہاں اپوزیشن کے لیڈر کی ایک نہیں سنی جاتی۔ 2023 میں بی جے پی نے نیا قانون بنایا کہ الیکشن کمشنر پر کوئی مقدمہ نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن ہندوستان کے تمام شہری پر مقدمہ ہو سکتا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’نیا قانون کہتا ہے (الیکشن کمشنر پر) کوئی عدالتی کارروائی نہیں کی جا سکتی ہے۔ سوچیے کہ یہ قانون کیوں بنایا گیا۔ قانون اس لیے بنا کہ ووٹوں کی چوری کرائی جا سکے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر آپ کے بٹوے سے تھوڑے پیسے چوری ہوں گے تو آپ کو معلوم نہیں چلے گا۔ لیکن 1000 روپے چوری ہوں گے تو آپ کو پتہ چل جائے گا۔ ویسا ہی کام ان لوگوں نے مہاراشٹر-ہریانہ میں کیا۔
راہل گاندھی نے اپنے خطاب کے دوران راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر بھی جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے لوگ ترنگا کو سلام نہیں کرتے تھے۔ وہ لوگ اب بھی ترنگے کے لیے دکھاوے میں کھڑے ہوتے ہیں۔ ان کے دل میں کچھ اور ہے اور باہر کچھ اور۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انتخاب میں بی جے پی کے بڑے بڑے لیڈران نے کہا تھا کہ آئین بدل دیں گے۔ اس وقت ہم نے کہا تھا کہ ’’خواب مت دیکھو، آئین کو کوئی طاقت نہیں بدل سکتی۔ سچائی یہی ہے کہ یہ ووٹ چوری کر آئین کو ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں آج بہت درد ہے۔ حتیٰ کہ بچہ بچہ ’ووٹ چور‘ کا نعرہ لگا رہا ہے، لیکن ان میڈیا والوں کو بات سمجھ نہیں آ رہی ہے۔ ہمیں شبہ تھا، لیکن ثبوت نہیں تھا۔ جب میں ارادہ کر لیتا ہوں کہ یہ کرنا ہے تو کرنا ہے۔ حصول اراضی کے معاملے پر کانگریس کے لوگ بھی میرے خلاف ہو گئے تھے، لیکن میں نے بولا کہ کرنا ہے تو کرنا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔