شدید سردی کے درمیان محکمہ موسمیات نے 4 ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا
آئی ایم ڈی نے آج 4 ریاستوں جموں و کشمیر، لداخ، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں درمیانی سے شدید بارش اور برفباری کی وارننگ جاری کی ہے۔ ان ریاستوں میں 28 دسمبر کو بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

پورے ملک میں اس وقت شدید سردی ہے۔ شمالی ہندوستان میں جہاں لوگ سردی کی لہر اور گھنی دھند سے پریشان ہیں تو وہیں محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 4 ریاستوں میں بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ جبکہ پہاڑی ریاستوں میں برفباری کے باعث دہلی، ہریانہ راجستھان اور پنجاب میں موسم خراب ہو سکتا ہے۔
محکہ موسمیات نے آج (24 دسمبر) کو 4 ریاستوں جموں و کشمیر، لداخ، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں درمیانی سے شدید بارش اور برفباری کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ ان ریاستوں میں 28 دسمبر کو بھی ہلکی بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25 دسمبر سے دہلی میں کم از کم درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ زیادہ زیادہ درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ 25-24 دسمبر کو کم از کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سلیسیس تک گرنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت گھنی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اگر دیگر ریاستوں کی بات کی جائے تو یوپی میں سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث سردی میں اضافے کا امکان ہے۔ آئندہ 4 دنوں تک یوپی میں شدید سے انتہائی شدید دھند چھائے رہنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بدھ کو ریاست کے 32 اضلاع میں شدید دھند چھائے رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ بلرام پور، شراوستی، بہرائچ، لکھیم پور کھیری، سیتا پور اور سہارنپور اضلاع میں شدید سے بہت شدید دھند کا الرٹ ہے۔ بریلی، بجنور، مراد آباد، رام پور، پیلی بھیت، شاہجہاں پور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بہت زیادہ گھنی دھند کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ حالانکہ راجدھانی لکھنؤ میں آج سردی کم رہے گی، ساتھ ہی لوگوں کو دھند سے بھی راحت ملے گی۔ لکھنؤ میں کم از کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس کے قریب ہوگا۔ جبکہ 2 روز بعد پھر لکھنؤ میں گھنی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
یوپی سے متصل ریاست بہار کی بات کریں تو یہاں بھی شدید سردی کی لہر اور کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن اور رات کے درجہ حرارت بہت کم فرق رہ جانے کے باعث سردی میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔ پٹنہ، ارول اور اورنگ آباد سمیت 14 اضلاع میں ’سرد دن‘ کی صورتحال ہے اور آئندہ 4-3 دنوں تک راحت ملنے کی امید نہیں ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گیا ریاست کا سب سے سرد ضلع رہا، جہاں کم از کم درجہ حرارت 8-7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔