توانگ میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ پر امریکہ کا ردعمل آیا سامنے، جانیں کیا کہا؟

امریکہ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ دونوں فریقوں کو متنازعہ سرحدوں پر بات چیت کے لیے موجودہ دو طرفہ چینلز کا استعمال کرنے پر زور دیتا ہے

تصویر سوشل میؑیا
تصویر سوشل میؑیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی / واشنگٹن: اروناچل پردیش کے توانگ میں دراندازی کرتے ہوئے چینی فوجیوں اور ہندوستانی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے معاملے پر امریکہ کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ امریکہ نے کہا کہ چین اشتعال انگیزی کرتا ہے۔ ہندوستان کی حمایت کرتے ہوئے امریکہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے دوست ممالک کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ بائیڈن انتظامیہ خوش ہے کہ اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں جھڑپ کے بعد ہندوستان اور چین دونوں نے اپنی افواج کو پیچھے ہٹا لیا اور حالات قابو میں رکھے۔

پریس کانفرنس کے دوران وائٹ ہاؤس کی میڈیا سیکرٹری کرائن جین پیئر نے کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ وہ دونوں فریقوں (ہندوستان اور چین) پر زور دیتا ہے کہ وہ متنازعہ سرحدوں پر بات چیت کے لیے موجودہ دو طرفہ چینلز کا استعمال کریں۔"

پینٹاگون کے پریس سکریٹری پیٹ رائڈر نے کہا، "ہم اپنے شراکت داروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہیں گے۔ ہم صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہندوستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔‘‘


خیال رہے کہ 9 دسمبر کو چینی فوجی ہندوستانی پوسٹ کو ہٹانے کے لیے توانگ آئے۔ چینی فوجیوں کو دیکھتے ہی ہندوستانی فوجیوں نے مورچہ سنبھال لیا اور جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ آمنے سامنے کے علاقے میں تعینات ہندوستانی فوجیوں نے چینی فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ پرتشدد واقعے میں 6 بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔ کئی چینی فوجیوں کی ہلاکت کی بھی خبر ہے۔ تاہم چین کی جانب سے کوئی ڈیٹا جاری نہیں کیا گیا۔

دریں اثنا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوجیوں کی بہادری کی وجہ سے چینی فوجیوں کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر 2022 کو پی ایل اے کے دستوں نے اروناچل کے توانگ سیکٹر میں یانگتسے میں ایل اے سی پر تجاوزات کرکے یکطرفہ طور پر جمود کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ ہماری فوج نے عزم کے ساتھ چین کی اس کوشش کا مقابلہ کیا۔ اس دوران دونوں فریق آمنے سامنے آگئے۔ جھڑپ میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہوئے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ جھڑپ میں ہمارا کوئی فوجی ہلاک یا شدید زخمی نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */