رام مندر کے ساتھ ساتھ اب ایودھیا میں مسجد تعمیر کی بھی ہلچل تیز

سپریم کورٹ کے حکم سے ایودھیا میں 5 ایکڑ زمین سنی سنٹرل وقف بورڈ کو الاٹ کی گئی ہے جس پر جلد تعمیری کام شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس کے لیے ایک ٹرسٹ تشکیل دینے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

رام مندر تعمیر کے لیے تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ آئندہ 5 اگست کو بھومی پوجن کا پروگرام بھی طے ہے جس میں پی ایم نریندر مودی سمیت کئی اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ اس درمیان ایودھیا میں مسجد تعمیر کے لیے بھی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مسجد تعمیر کے لیے بہت جلد یو پی سنٹرل وقف بورڈ کی میٹنگ ہوگی جس میں ٹرسٹ تشکیل دینے سے متعلق ضروری تبادلہ خیال ہوگا۔

سنی سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر فاروقی کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 دنوں کے اندر روناہی میں ملی زمین پر مسجد تعمیر کے لیے کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس کے لیے سب سے پہلے ایک ٹرسٹ کا اعلان ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ اس ٹرسٹ کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ روناہی میں مسجد، اسلامی تعلیمی ادارہ اور لائبریری کی تعمیر کا کام دیکھے۔ ظفر فاروقی نے یہ بھی بتایا کہ سنی سنٹرل وقف بورڈ جلد ہی لکھنؤ میں میٹنگ کرنے کے بعد ٹرسٹ میں شامل لوگوں کے نام کا اعلان کرے گا۔


ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وقف بورڈ ٹرسٹ تشکیل دینے کے لیے میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کرے گی اور اس میں بورڈ کے کم و بیش 15 اراکین شامل ہو سکتے ہیں۔ میٹنگ میں ٹرسٹ کی تشکیل کے ساتھ ساتھ اس کے اختیارات اور مسجد تعمیر کے خاکہ پر بھی بات چیت ہوگی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت نے سنی سنٹرل وقف بورڈ کو مسجد تعمیر کے لیے پانچ ایکڑ زمین الاٹ کر دی ہے۔ وقف بورڈ کو ایودھیا میں دھنّی پور واقع روناہی میں یہ زمین ملی ہے جہاں مسجد، اسلامی تعلیمی ادارہ اور لائبریری کی تعمیر ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */