وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں سی آر پی ایف اہلکار کی مبینہ خودکشی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکار کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت امر جوتی کے بطور ہوئی ہے جو سی آر پی ایف کی 79 بٹالین سے وابستہ تھے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے شیخ پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک سینٹر ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کر دی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے شیخ پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک سی آر پی ایف اہلکار نے اپنی ہی سروس بندوق سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ سی آر پی ایف اہلکار کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت امر جوتی ساکن کیرلہ کے بطور ہوئی ہے جو سی آر پی ایف کی 79 بٹالین سے وابستہ تھے۔ دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔


سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی، جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے، جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔