الہ آباد تشدد: کلیدی ملزم جاوید احمد کی رہائش منہدم کرنے کی تیاری، نوٹس چسپاں

گستاخِ رسولؐ نوپور شرما کے خلاف نمازِ جمعہ کے بعد الہ آباد میں پرتشدد مظاہرہ ہوا تھا، پولیس نے جاوید احمد کو ’ماسٹر مائنڈ‘ قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا ہے، اب اس کی رہائش کے خلاف نوٹس چسپاں کیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الہ آباد: توہین رسالتؐ کی مرتکب بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر نوپور شرما کے خلاف الہ آباد میں ہونے والے پرتشدد مظاہرہ کے سلسلہ میں پولیس کی سخت کارروائی جاری ہے۔ اس معاملہ میں پولیس نے جاوید احمد (جاوید پمپ) کو کلیدی ملزم قرار دیتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے اور اب اس کی رہائش کو بھی منہدم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ نوٹس پریاگراج ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے جاری کیا ہے۔ پی ڈی اے کا دعویٰ ہے کہ یہ رہائش غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی ہے۔

پی ڈی اے نے جاوید پمپ کے گھر پر جو نوٹس چسپاں کیا ہے اسے خالی کرنے کو کہا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گھر میں رہنے والے تمام لوگ آج یعنی 12 جون کو صبح 11 بجے تک اپنا سامان ہٹا لیں، تاکہ اتھارٹی اپنی کارروائی کر سکے۔ رپورٹ کے مطابق نوٹس کے بعد پولیس جاوید کے گھر پہنچ گئی ہے۔


بتایا جا رہا ہے کہ پی ڈی اے نے یہ نوٹس بلڈوزر کی کارروائی کے لیے چسپاں کیا ہے۔ پی ڈی اے کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کی ٹیم بھی جاوید پمپ کے گھر پر بلڈوزر چلانے کے مقصد سے پہنچ رہی ہے۔ پی ڈی اے نے جاوید کے گھر پر نوٹس رات کے وقت ہی چسپاں کر دیا تھا۔

خیال رہے کہی الہ آباد کے اٹالہ میں ہونے والے مظاہرے کے دوران ہوئے تشدد کے بعد پولیس اور انتظامیہ حرکت میں ہیں۔ پولیس نے پہلے ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا اور اس کے بعد اس کا کرائم ہسٹری بھی کھنگالا جا رہا ہے۔ یوپی میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے سلسلہ میں اب تک 250 سے زیادہ لوگ گرفتار ہو چکے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔