الہ آباد: مندروں اور مسجدوں میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی

الہ آباد رینج کے چاروں اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس سربراہان کو مندروں اور مساجد میں رات 10 بجے کے بعد لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الہ آباد: فجر کی اذان پر الہ آباد یونیورسٹی کی وائس چانسلر کی شکایت کے بعد الہ آباد رینج کے آئی جی نے مندروں اور مسجدوں میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ آئی جی الہ آباد نے اس حوالہ سے چار اضلاع کے ڈی ایمز اور ایس ایس پیز کو خط ارسال کیا ہے اور پالیوشن ایکٹ اور ہائی کورٹ و سپریم کورٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل کرانے کو کہا ہے۔

آئی جی کی ہدایت کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر بجانے یا کسی عوام سے مخاطب ہونے کے نظام پر پوری طرح پابندی عائد رہے گی، تاکہ لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔ تاہم، ہدایت میں کہا گیا ہے کہ شادی یا بند کمرے میں منعقد ہونے والی کسی پارٹی جیسی تقاریب کے لئے خصوصی اجازت لے کر 12 بجے کت طے شدہ آواز میں اسپیکر بجانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔


آئی جی کی ہدایات کے مطابق ڈی ایم، ایس ایس پی اور پالیوشن بورڈ کے افسران یہ یقینی بنائین گے کہ بلا اجازت کسی بھی پبلک ایڈریس سسٹم یا مائیک سے تیز آواز میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کوئی اعلان نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دن میں طے شدہ آواز میں ہی لاؤڈ اپیکر کا استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم رات میں اس پر پوری طرح پابندی عائد رہے گی۔

آئی جی کے مطابق، رکن اسمبلی مختار انصاری کے بھائی اور غازی پور سے رکن پارلیمنٹ افضال انصاری نے گزشتہ سال رمضان سے قبل الہ آباد ہائی کورٹ میں لاؤڈ اسپیکر سے اذان کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عرضی داخل کی تھی۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے اس عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر سے اذان دینا اسلام کا لازمی جز نہیں ہے۔


لاؤڈ اسپیکر سے اذان کا تازہ تنازعہ الہ آباد مرکزی یونیورسٹی کی وی سی پروفیسر سنگیتا سریواستو کے اعتراض کے بعد کھڑا ہوا۔ انہوں نے تین مارچ کو کلائیو روڈ کی مسجد سے تیز آواز میں ہونے والی آواز کو اپنی نیند میں خلل کا باعث قرار دیتے ہوئے ڈی ایم الہ آباد کو ایک خط ارسال کیا تھا۔ انہوں نے اس خط کی ایک کاپی کمشنر، آئی جی اور ڈی آئی کو بھی ارسال کی تھی۔

وی سی کے اس اعتراض کے بعد مسجد کی انتظامیہ کمیٹی نے از خود لاؤڈ اسپیکر کی تعداد چار سے کم کر کے دو کر دی تھی اور ان کی آواز بھی کم کر دی تھی۔ علاوہ ازیں، لاؤڈ اسپیکر کا رخ بھی وی سی کی رہائش سے دوسری سمت میں کر دیا تھا۔ اسی معاملہ پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی نے خط جاری کر کے سختی برتنے کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔