الہ آباد: دلت اسٹوڈنٹ کے قتل کا ملزم وجے شنکر گرفتار

سابق ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کمل سنگھ یادونے خاندان کو مفت قانونی مدد دینے کی یقین دہانی کرائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الہ آباد۔ اتر پردیش کے الہ آباد میں معمولی تنازع کے بعد ایل ایل بی کے طالب علم دلیپ سروج کا پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کے معاملہ میں پولس نے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اے ڈی جی ایس این سبت نے بتایا کہ قتل کے اہم ملزم وجے شنکر سنگھ کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ اس سے پہلے بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ دلیپ سروج گزشتہ جمعہ کی شام اپنے چند دوستوں کے ہمراہ شہر کے ایک ہوٹل میں کھانا کھانے گیا تھا جہاں اس کا کچھ لوگوں سے تنازعہ ہوگیا تھا۔ بعد میں ان لوگوں نےاسے پیٹ پیٹ کر شدید زخمی کردیا۔ زخمی حالت میں اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اتوار کو اس کی موت ہوگئی۔ اس معاملے میں پولس دیگر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کرچکی تھی۔

قتل کے خلاف بطور احتجاج الہ آباد یونیورسٹی کے طلباء، ایڈووکیٹ اور دیگر تنظیموں نے پیر کو اہم ملزم کی گرفتاری کے مطالبہ پر شہر میں دھرنا اور توڑپھوڑ کی تھی۔ کچھ فسادیوں نے بینک روڑ پر اتر پردیش ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس کو آگ بھی لگادی تھی۔

الہ آباد ہائی کورٹ کے وکلاء کی ایک ٹیم نے سابق ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کمل سنگھ یادو کی قیادت میں پرتاپ گڑھ، بھلسا گاؤں میں طالب علم دلیپ سروج کے خاندان سے کل ملاقات کی اور خاندان کو مفت قانونی مدد دینے کی یقین دہانی کرائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔