یوپی میں 14 فروری سے کھلیں گے تمام اسکول، کورونا کیسز میں کمی کے بعد فیصلہ

ریاستی حکومت کے جاری کردہ حکم کے مطابق پیر سے یوپی میں نرسری کلاسز کے لئے بھی تمام اسکول کھول دئے جائیں گے۔ اس سے پہلے 7 فروری سے اسکول 9ویں سے 12ویں تک کے لئے کھولے گئے تھے

اسکول کی علامتی تصویر / یو این آئی
اسکول کی علامتی تصویر / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں کورونا وائرس کا زور کم ہونے کے بعد تمام اسکول کالجوں کو کھولنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ حکومت کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ریاست کے تمام اسکول 14 فروری سے کھولے جائیں گے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے خطرے کے پیش نظر اسکولوں کو وقتاً فوقتاً بند کیا جاتا رہا ہے۔

ریاستی حکومت کے جاری کردہ حکم کے مطابق پیر سے یوپی میں نرسری کلاسز کے لئے بھی تمام اسکول کھول دئے جائیں گے۔ اس سے پہلے 7 فروری سے اسکول 9ویں سے 12ویں تک کے لئے کھولے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست بھر کے کالجوں میں آف لائن کلاسز بھی شروع کر دی گئی تھیں۔ اب پیر سے ریاست کے تمام اسکولوں میں کلاسز آف لائن موڈ میں شروع ہوں گی۔


وہیں، ریاست کے جم کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم سوئمنگ پول، واٹر پارکس فی الحال بند رہیں گے۔ حال ہی میں اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر ریاست میں جم، سوئمنگ پول سمیت تمام سرگرمیاں بند کر دی گئی تھیں۔ اس کے ساتھ تمام سرکاری اور نجی دفاتر بھی پورے عملہ کے ساتھ کام کر سکیں گے۔

غورطلب ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آئی ہے جس کے بعد مختلف ریاستی حکومتوں نے دوبارہ سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ ادھر، راجدھانی دہلی میں بھی 7 فروری سے 9ویں سے 12ویں جماعت تک کے لئے اسکول کالجز شروع ہو گئے ہیں۔ عرصہ دراز سے بند تعلیمی اداروں کو کھولنے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا۔


وہیں، مدھیہ پردیش میں 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ یکم فروری سے آف لائن کلاسز کے لیے اسکول دوبارہ شروع کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر میں بھی اسکول اور کالج یکم فروری سے کھول دیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ ہریانہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی کے بعد 10 فروری سے پہلی سے 9ویں جماعت تک اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔