دہلی میں تمام اسکول 31 اکتوبر تک بند، کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت کا فیصلہ

وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ایک گارجین کے ناطے وہ حالات کی سنگینی کو سمجھتے ہیں۔ اس وقت بچوں کی صحت کے سلسلے میں کوئی جوکھم اٹھانا مناسب نہیں ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے تمام اسکولوں کو 31 اکتوبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے اتوار کے روز اس کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے دہلی حکومت نے 5 اکتوبر تک اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اب اس مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

سسودیا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’دہلی میں تمام اسکول کورونا کے سبب ابھی 31 اکتوبر تک بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ایک گارجین کے ناطے وہ حالات کی سنگینی کو سمجھتے ہیں۔ اس وقت بچوں کی صحت کے سلسلے میں کوئی جوکھم اٹھانا مناسب نہیں ہوگا‘۔


قبل ازیں، مرکزی حکومت کی جانب سے ان لاک 5 کی گائیڈ لائن کو جاری کیا گیا تھا۔ گائیڈ لائن کے مطابق، ملک میں اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو 15 اکتوبر سے مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ مرکز کی گائیڈ لائن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اسکول کھولے جانے کی تاریخ کا فیصلہ ریاستی حکومتیں کریں گی لیکن دہلی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیجریوال حکومت نے اسکولوں کو بند رکھنا ہی درست سمجھا ہے۔

تازہ اعداد و شمار پر نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ کورونا کے معاملے میں دہلی کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔ ہفتہ کے روز دہلی میں کورونا کے 2258 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی راجدھانی میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 2.87 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس دوران 34 مزید مریضوں نے دم توڑ دیا۔ دہلی میں اموات کی مجموعی تعداد 5472 ہوگئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */