دہلی میں سرکاری زمین پر موجود سبھی مساجد کا ٹوٹنا طے: بی جے پی رکن پارلیمنٹ

مغربی دہلی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے۔ ہندو ووٹوں کو پولرائز کرنے کے مقصد سے انھوں نے کہا ہے کہ دہلی میں سرکاری زمین پر موجود سبھی مساجد کا ٹوٹنا طے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی پارٹیوں کی انتخابی تشہیر تیز ہو گئی ہے۔ لیکن اس درمیان بی جے پی کے کئی لیڈران نے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی شروع کر دی ہے۔ تازہ بیان مغربی دہلی کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے دیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ سرکاری زمین پر بنی ہوئی مساجد کا ٹوٹنا طے ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے اس بیان کو ووٹوں کے پولرائزیشن سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

دراصل پرویش ورما دہلی واقع بی جے پی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس پریس کانفرنس میں انھوں نے مساجد کو منہدم کیے جانے سے متعلق بیان دیا اور پھر دہلی کی عآپ حکومت کے خلاف بھی کئی طرح کے بیان دیے۔ دہلی اسمبلی انتخاب کے مقصد سے منعقد پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو پوری طرح سے ناکام قرار دے کر اور پھر مساجد کے تعلق سے زہر انگیز بیان دے کر انھوں نے ہندو ووٹروں کو پولرائز کرنے کی کوشش کی ہے۔ حالانکہ پہلے بھی وہ سرکاری زمین پر موجود مساجد توڑنے کو لے کر بیان دے چکے ہیں۔


گزشتہ سال جون میں پرویش ورما نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کو ایک خط لکھا تھا جس میں انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ملک کی راجدھانی دہلی میں کئی مساجد کی تعمیر سرکاری زمین پر غیر قانونی طریقے سے کی گئی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا تھا کہ ایسی مساجد کو سرکاری زمین سے ہٹایا جائے۔ حالانکہ دہلی اقلیتی کمیشن نے پرویش ورما کے ان الزامات کو سرے سے خارج کر دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے دعوے میں ذرا بھی سچائی نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔