ریاست میں سبھی کسانوں کے قرض معاف ہوں گے: کمل ناتھ

وزیراعلی کمل ناتھ نے کہا کہ وہ کسانوں کی قرض معافی کے لئے پرعزم ہیں، جن کسانوں کی قرض معافی کسی وجوہات سے نہیں ہوسکی، ان کےبھی قرض جلد معاف ہوجائیں گے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ویدیشا: مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے کسانوں کی قرض معافی کے سلسلے میں اپنے عزم کو آج ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ وہ کسانوں کی قرض معافی کےلئے پرعزم ہیں،جن کسانوں کی قرض معافی کسی وجوہات سے نہیں ہوسکی ،ان کےبھی قرض جلد معاف ہوجائیں گے۔

کمل ناتھ یہاں نوین ضلع اسپتال کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کسانوں کے قرض معاف کرنے کے سلسلے میں فکر کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ مانتے ہیں کہ ابھی سب کا قرض معاف نہیں ہوا ہے۔اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعدد کسانوں کے غلط نام سے آئی ڈی اور ان کے ایک سے زیادہ کھاتے ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکا،جسے جلد ٹھیک کر کے سبھی کسانوں کا قرض معاف کیا جائےگا۔


وزیراعلی نے سابقہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہمیں پچھلی حکومت نے خالی خزانہ سونپا ہے۔جسے ہم ترقی کی راہ پر آگے لے جارہے ہیں۔نوجوانوں کے روزگار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اچھی تعلیم نہ ملنے کی وجہ سے ہمارے نوجوان انٹرویو بھی نہیں نکال پاتے تھے،لیکن ہماری حکومت چاہے گی کہ اچھے کالج کھلے،اچھے تعلیمی ادارے کھلیں جس سے نوجوان بے روزگار نہ رہیں۔

کمل ناتھ نے 144 کروڑ روپے کی لاگت سے بنے 350بستر کے جدید ٹیکنولوجی والے ضلع اسپتال کا افتتاح کرکے عوام کو سونپ دیا ہے۔وزیراعلی نے ضلع کے مختلف ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کےلئے 177کروڑ کے دیگر کاموں کا بھی سنگ بنیاد رکھااور افتتاح کیا ہے۔انہوں نے جلسے کے مقام سے اس بات کا اعلان کیا کہ ویدیشا کا نوین ضلع اسپتال اب آنجہانی مادھوراو سندھیا کے نام سے جاناجائےگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔