سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ میں اسیمانند سمیت 4 ملزمان بری، گودھرا کے ملزم کو عمر قید

پنچكولہ کی خصوصی این آئی اے عدالت نے 2007 کو پانی پت کے دیوانہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک دہلی-لاہور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین میں ہونے والے دھماکہ کے اہم ملزم اسیمانند سمیت چاروں ملزمان کو بری کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنچکولہ: ہریانہ میں پنچكولہ کی خصوصی این آئی اے عدالت نے 18 فروری 2007 کو پانی پت کے دیوانہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک دہلی -لاہور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین میں ہونے والے دھماکہ کے اہم ملزم اسیمانند سمیت چاروں ملزمان کو آج بری کر دیا۔

بری ہونے والے تین دیگر ملزمان لوکیش شرما، کمل چوہان اور راجندر چودھری ہیں۔ چاروں ملزمان میں سے صرف اسیمانند ہی ضمانت پر باہر تھے جبکہ باقی تینوں عدالتی حراست میں تھے۔ اس معاملے میں کل آٹھ ملزمان تھےجن میں سے ایک سنیل جوشی کے معاملے کی سماعت کے دوران موت ہو چکی ہے اور تین دیگر ملزمان رام چندر كلسنگرا، سندیپ ڈانگے اور امت فرار ہیں۔ انہیں مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔

دوسری طرح گجرات فساد سے وابستہ گودھرا معاملہ میں آج عدالت نے ملزم یعقوب کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ یعقوب پاتلیا (عمر 64 سال) کو گزشتہ سال جنوری میں گودھرا سے ہی گرفتار کیا گیا تھا جہاں 27 فروری 2002 کو مذکورہ ٹرین کے کوچ ایس۔6 میں آگ لگائے جانے سے 59 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے ایک دن بعد سے ہی پورے گجرات میں فساد ہوئے تھے۔ 

واضح رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کے دھماکہ میں 68 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 12 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر پاکستانی شہری تھے۔ ان میں 16 بچے اور چار ریلوے اہلکار بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ اس معاملہ میں عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا لیکن 1 مارچ کو پاکستانی وکیل کی عرضی داخل کرنے کی وجہ سے نئی تاریخ دی گئی تھی۔ اس کے بعد 14 مارچ کو وکلا کی ہڑتال ہونے کی وجہ سے کوئی کام کاج نہیں ہوسکا، اس لئےعدالت نے نئی تاریخ دی۔ آج عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستانی عرضی گزار راحیلا وکیل کی عرضی کو خارج کر دیا۔

پاکستانی شہری راحیلہ وکیل نے ہندوستانی وکیل مومن ملک کے ذریعہ سے ایک عرضی دائر کر کے کچھ چشم دیدوں کے بیان ریکارڈ کرنے کی اپیل کی تھی۔ عدالت نے کہا کہ چش مدید 6 مرتبہ سمن جاری کرنے کے باوجود گواہی کے لئے نہیں پہنچے۔ جبکہ راحیلہ کا کہنا ہے کہ جو پاکستانی شہری بیان درج کرانے کے لئے ہندوستان آنا چاہ رہے ہیں انہیں سمن نہیں ملا ہے۔ عدالت کو اب یہ فیصلہ سنانا ہے کہ متاثرین کے بیانات کو درج کیا جائے یا پھر معاملہ کو انجام تک پہنچایا جائے۔

دھماکہ کے معاملہ میں سوامی اسیمانند کو اہم ملزم بنایا گیا ہے۔ اسیمانند کے ساتھ لوکیش شرما، کمل چوہان اور راجندر چودھری شامل ہیں۔ پورے معاملہ میں کل 8 ملزمان تھے، جن میں سے ایک کی موت ہو چکی ہے جب کہ تین کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔ استغاثہ کی طرف سے کوئی گواہ پیش نہیں کیا گیا۔

سمجھوتہ ایکسپریس معاملہ میں پہلی گرفتاری 15 مارچ 2007 کو عمل میں آئی تھی۔ ہریانہ پولس نے اندور سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولس سوٹ کیس کے کور کی مدد سے ملزمان تک پہنچی تھی۔ سوٹ کیس کور اندور کے ایک بازار سے دھماکہ کے کچھ روز قبل ہی خریدے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Mar 2019, 7:10 PM
/* */