گوا کی بی جے پی حکومت میں سبھی 9 وزراء کروڑپتی، کابینہ میں کسی خاتون کو نہیں ملی جگہ

گوا میں پیر کے روز حلف لینے والے سبھی 9 وزراء کے انتخابی حلف نامے کا جائزہ لیا جائے تو 4 وزراء نے اپنے خلاف مجرمانہ معاملوں کا اقرار کیا ہے، جب کہ 3 وزراء نے اپنے خلاف سنگین مجرمانہ معاملے بتائے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گوا الیکشن واچ اور ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس کے مطابق گوا کی نئی بی جے پی حکومت میں پیر کو حلف لینے والے سبھی 9 وزراء کروڑپتی ہیں۔ ساتھ ہی ان میں سے 44 فیصد نے اپنے خلاف مجرمانہ معاملوں کا اعتراف کیا ہے، جب کہ 33 فیصد نے سنگین مجرمانہ معاملے کی بات مانی ہے۔ گوا الیکشن واچ اور ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس نے وزیر اعلیٰ سمیت سبھی 9 وزراء کے خود تیار کیے گئے حلف ناموں کا جائزہ لے کر منگل کو اس کی جانکاری دی ہے۔ اس جائزہ کے بعد کہا گیا ہے کہ چار وزراء نے اپنے خلاف مجرمانہ معاملوں کا اقرار کیا ہے، جب کہ تین وزراء نے اپنے خلاف سنگین مجرمانہ معاملے بتائے ہیں۔

حلف ناموں کا جائزہ لینے کے بعد بتایا گیا ہے کہ نہ صرف سبھی 9 وزراء کروڑپتی ہیں بلکہ اوسط ملکیت کا سائز 19.49 کروڑ روپے ہے۔ جائزہ کے بعد یہ بھی کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اعلان کردہ ملکیت والے وزیر پنجی انتخابی حلقہ سے اتاناسیو مونسیریٹ ہیں جن کی ملکیت 48.48 کروڑ روپے ہے اور سب سے کم اعلان کردہ ملکیت کے ساتھ پریول انتخابی حلقہ سے 2.67 کروڑ روپے کی ملکیت کے ساتھ وزیر گووند شیپو گوڈے ہیں۔


گوا کے 9 وزراء میں سے 8 نے قرضوں کا بھی تذکرہ کیا ہے، جن میں سے سب سے زیادہ قرض والے وزیر کچریرم انتخابی حلقہ سے نیلیش کیبرال ہیں، جن پر 11.97 کروڑ روپے کی دینداری ہے۔ دو وزراء نے اپنی تعلیمی اہلیت 12ویں بتائی ہے، جب کہ چار وزراء نے گریجویشن یا اس سے اوپر کی تعلیمی اہلیت کا تذکرہ کیا ہے، جب کہ تین وزراء ڈپلوما ہولڈر ہیں۔ ریاست کے پانچ وزراء کی عمر 41 سے 50 سال کے درمیان ہے، جب کہ چار کی عمر 51 اور اس سے زیادہ ہے۔ سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کابینہ میں کوئی خاتون وزیر نہیں ہے۔ 40 اراکین اسمبلی میں سے اس بار گوا نے تین خواتین کو منتخب کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔