بی جے پی کی سیاست، فوج کی توہین اور خواتین افسران کی بے حرمتی پر الکا لامبا کی سخت تنقید
الکا لامبا نے بی جے پی پر آپریشن سندور کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے، فوج، شہداء اور ان کے خاندانوں کی توہین کرنے اور خواتین کی بے حرمتی پر سخت تنقید کی

تصویر ویڈیو گریب
نئی دہلی: آل انڈیا مہلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے نئی دہلی میں واقع اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا کہ وہ آپریشن سندور کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور اس عمل میں فوج، شہداء اور ان کے خاندانوں کی توہین کر رہی ہے۔
الکا لامبا نے کہا کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آپریشن سندور کا سارا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو دیں۔ انہوں نے اس عمل کو ایک منظم پی آر مہم قرار دیا جس کے تحت فوجی اہلکاروں کی قربانیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ہریانہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام چندر جانگڑا کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے ایک شہید کی بیوہ کو بزدل قرار دیا۔ الکا لامبا نے اس بیان کو نہ صرف توہین آمیز بلکہ شہید کے خاندان کے لیے جذباتی طور پر نقصان دہ قرار دیا۔ الکا لامبا نے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے اس بیان کو خواتین افسران کی بے حرمتی قرار دیا۔
مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج وزیر اعظم مودی کے سامنے سر بہ سجود ہے، جو کہ فوج کی خودمختاری کی توہین ہے۔ الکا لامبا نے کہا کہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے نیوی آفیسر لیفٹیننٹ ونے نروال کی بیوہ ہمانشی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا اور ان کے خیالات کے لیے انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ خارجہ سیکریٹری وکرم مسری کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی بیٹیوں کی تصاویر اور ذاتی فون نمبرز وائرل کیے گئے لیکن اس پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ الکا لامبا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا، ’’ان کی رگوں میں خون نہیں، گرم سندور بہہ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے اس بیان کو فوجیوں کی قربانیوں کی توہین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ریل ٹکٹوں پر آپریشن سندور اور وزیر اعظم مودی کی تصاویر چھاپی جا رہی ہیں، جو کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان اشتہارات میں فوج کے تینوں سربراہان یا بہادر خواتین افسران کی تصاویر ہوتیں تو انہیں کوئی اعتراض نہ ہوتا۔
الکا لامبا نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی پولیس نے وجے شاہ کے بیان پر کوئی کارروائی نہیں کی لیکن ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر کے احکامات دیے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے جو اس ماہ کے آخر تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے وہ رہنما جنہوں نے توہین آمیز بیانات دیے ہیں، انہیں پارٹی سے برطرف کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ الکا لامبا نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک کل جماعتی اجلاس بلائیں اور اس کی صدارت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس بلا کر آپریشن سندور پر مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے بطور قائد حزب اختلاف اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ایک ماہ میں دو بار جموں و کشمیر کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے پونچھ کا نام تک نہیں لیا، جبکہ وہاں کے لوگ انہیں اپنے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں۔
الکا لامبا نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت میں فوج، شہداء اور ان کے خاندانوں کی توہین کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے رہنما معافی مانگیں، توہین آمیز بیانات دینے والوں کو پارٹی سے نکالا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور عوام کے جذبات کا احترام کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔