علیم الدین ماب لنچنگ معاملہ: گواہی سے قبل چشم دید کی بیوی کی موت

Getty images
Getty images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی:جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں علیم الدین انصاری ماب لنچنگ معاملے میں ایک نیا موڑ آج اس وقت آ گیا جب اس معاملے کے چشم دید کی اہلیہ کی سنوائی شروع ہونے سے تھوڑی دیر قبل سڑک حادثہ میں موت ہو گئی۔ قومی آواز نے اس معاملے میں علیم الدین انصاری کی اہلیہ مریم سے بات کی، جنہوں نے جلیل انصاری کی موت کے لئے بجرنگ دل کے لوگوں کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا۔ آج کے پورے معاملے کی تفصیل قومی آواز کو بتاتے ہوئے مریم نے کہا کہ ’’سنوائی کہاں ہوئی ، سنوائی سے پہلے تو یہاں حادثہ ہو گیا ۔ اس معاملے میں جو گواہ تھے جلیل انصاری وہ اپنا آدھار کارڈ گھر بھول گئے تھے ۔ ان کی بیوی جو عدالت میں موجود تھیں میں نے اپنے بیٹے کے ساتھ ان کو موٹر سائیکل سے آدھار کارڈ لینے کے لئے بھیجا مگر جیسے ہی یہ دونوں پٹرول کی ٹنکی کے قریب پہنچے وہاں ایک گاڑی نے موٹر سائکل کو ٹکر ماری اور میری نند (جلیل انصاری کی بیوی) روڈ پر گر گئی اورموقع پر ہی ختم ہو گئی لیکن میرے بیٹے کو چوٹ نہیں آئی ۔ یہ کام انہیں لوگوں کاہے۔ ان لوگوں نے سوچا ہوگا کہ اس کی ماں ہے اور دونوں کو ایک ہی بار میں مار دیں گے ۔ یہ سب بجرنگ دل والوں کا ہی کام ہے ۔ میرا لڑکا تو بہت گھبرایا ہو اہے ۔ عدالت میں کچھ نہیں ہوا اس کی تاریخ مل گئی ہے اور نند کی تدفین ابھی مغرب کے بعد ہو گی ‘‘۔ واضح رہے جلیل انصاری کی اہلیہ علیم الدین انصاری کی سگی بہن تھیں اور بجرنگ دل کے کارکنان نے گواہی دینے پر انجام بھگتنے کی دھمکی دی تھی ۔



علیم الدین ماب لنچنگ معاملہ: گواہی سے قبل چشم دید کی بیوی کی موت

اس سال 29 جون کو ایک تاجر علیم الدین انصاری عرف اصغر علی کا بھیڑ نے رام گڑھ شہر کے بجرٹ علاقہ میں گھیر کر قتل کر دیا تھا۔ بھیڑ کا الزام تھا کہ اصغر علی گائے کا گوشت لے جا رہا تھا ۔ بھیڑ نے علیم الدین کے قتل کے بعد اس کی گاڑی اور ایک دیگر گاڑی کو بھی آگ لگا دی تھی ۔ اس قتل کا الزام بجرنگ دل پر لگا تھا۔

آج یعنی 12کتوبر کو اس معاملے کی عدالت میں سنوائی تھی جس میں اس قتل کے چشم دید گواہ جلیل انصاری کو گواہی دینی تھی اور گواہی سے پہلے جب ان سے آدھار کارڈ مانگا گیا تو اس کو احساس ہوا کہ وہ آدھار کارڈ لانا بھول گیا ہے ۔ آدھار کارڈ کو لانے کے لئے ہی علیم الدین کا بیٹا اپنی پھو پھی یعنی جلیل انصاری کی اہلیہ کو موٹر سائیکل پر آدھار کارڈ لینے کے لئے بھیجا لیکن راستے میں ہی جلیل انصاری کی بیوی کی سڑک حادثہ میں موت ہو گئی۔

واضح رہے اس معاملے میں 12افراد کو پولس نے ملزم بنایا ہے جس میں سے 5کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان میں بی جے پی رہنما نتیا نند مہتو اور سنتوش بھی شامل ہیں ۔ یاد رہے اس حادثہ کے بعد پورے علاقے میں تناؤ پھیل گیا تھا اور دفعہ 144لگانی پڑی تھی۔ اس معاملے کو حزب اختلاف نے زور شور سے اٹھایا تھا جس کے بعد ایک فاسٹ ٹریک عدالت بناکر معاملے میں جلد سنوائی کے لئے کہا گیا تھا۔ جلیل انصاری کی اہلیہ کی جس سڑک حادثہ میں موت ہوئی ہے اس میں خبر لکھے جانے تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Oct 2017, 7:11 PM