اسرائیل-حماس جنگ کے درمیان ہندوستان کی کئی ریاستوں میں الرٹ، ’جمعہ‘ کے پیش نظر خاص احتیاط!

ہندوستان میں جمعہ کو ممکنہ مظاہروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے دہلی-این سی آر، تلنگانہ، کیرالہ، یوپی، مہاراشٹر، راجستھان، تمل ناڈو، جموں و کشمیر اور کرناٹک وغیرہ ریاستوں میں سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ پر ہیں۔

اسرائیل کا آئرن ڈوم / تصویر بشکریہ haaretz.com
اسرائیل کا آئرن ڈوم / تصویر بشکریہ haaretz.com
user

قومی آوازبیورو

حماس کے ذریعہ اسرائیل پر حملہ اور پھر اسرائیل کے اعلانِ جنگ نے پوری دنیا میں ایک کھلبلی پیدا کر دی ہے۔ خصوصاً مسلم طبقہ اسرائیل سے ناراض ہے اور فلسطین کو لے کر ہمدردی کا جذبہ رکھتا ہے۔ اس کے پیش نظر سبھی کی نگاہیں 13 اکتوبر یعنی جمعہ پر مرکوز ہیں، کیونکہ جگہ جگہ نمازِ جمعہ کے بعد اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان میں بھی 13 اکتوبر کو جمعہ کے پیش نظر کئی ریاستوں میں الرٹ والا ماحول ہے اور خصوصی احتیاط کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مغربی ایشیا کے کئی ممالک میں جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کیے جانے کا امکان ہے۔ ہندوستان میں ممکنہ مظاہروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے دہلی-این سی آر، تلنگانہ، کیرالہ، یوپی، مہاراشٹر، راجستھان، تمل ناڈو، جموں و کشمیر اور کرناٹک وغیرہ ریاستوں میں سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ پر ہیں۔ مرکزی حکومت کے بھروسہ مند ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل-حماس جنگ کے شروع ہونے کے بعد سے ہی ملک میں سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہیں۔ دہلی-این سی آر اور دوسری ریاستوں میں جمعہ کے روز خصوصاً نمازِ جمعہ کے بعد خاص احتیاط برتنے کے لیے کہا گیا ہے۔ نماز کے بعد لوگوں کو کسی ایک جگہ پر جمع نہیں ہونے دیا جائے گا اور کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہرے سے منع کیا جائے گا۔


اس درمیان دہلی پولیس نے اسرائیلی سفارتخانہ کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ چاندنی چوک علاقے میں بھی پولیس کے ذریعہ نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ سرکاری رہائش کے باہر اضافی پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ نئی دہلی کے پہاڑ گنج علاقے میں یہودیوں کی عبادت گاہ ’چباڑ ہاؤس‘ پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔