اکھلیش یادو کا بی جے پی پر زبردست حملہ، کہا- ’400 پار کا نعرے دینے والے 400 سیٹیں ہارنے جا رہے ہیں!‘

اکھلیش یادو نے انڈیا اتحاد کی ریلی میں بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور اپوزیشن رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے، نیز، اس کے دن پورے ہو گئے ہیں

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو / ویڈیو گریب</p></div>

اکھلیش یادو / ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اپوزیشن اتحاد انڈیا کی میگا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے 400 پار کا نعرہ دیا ہے لیکن یہ 400 سیٹیں جیت نہیں رہے بلکہ ان کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ 400 سیٹیں ہار رہے ہیں، تبھی تو یہ سی بی آئی، ای ڈی اور محکمہ انکم ٹیکس کا استعمال کر کے اپوزیشن لیڈران کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا، ’’میں اس میگا ریلی کے لیے عام آدمی پارٹی اور اس کے لیڈروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ رام لیلا میدان ایک تاریخی میدان ہے۔ آج ہم سب اس مقام پر اکٹھے کھڑے ہیں۔ اس میدان سے یہ اعلان ہونے جا رہا ہے کہ دہلی میں بیٹھے حکمران زیادہ دیر ٹھہرنے والے نہیں ہیں۔ ہم نے سنا ہے کہ دہلی کے لوگ آج دہلی سے نکل چکے ہیں۔ جو آج دہلی سے باہر گئے وہ ہمیشہ کے لیے باہر جا رہے ہیں۔‘‘ خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک تقریب میں شرکت کے لیے یوپی کے میرٹھ گئے ہوئے ہیں، اکھلیش یادو اسی کے حوالہ سے ان پر طنز کر رہے تھے۔


اکھلیش یادو نے کہا، ’’یہ لوگ نعرے لگا رہے ہیں کہ اس بار ہم 400 کو پار کریں گے۔ اگر آپ کو 400 سیٹیں مل رہی ہیں تو آپ کو عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجریوال سے ڈرنے کی کیا ضرورت تھی؟ آپ نے کیجریوال اور ہیمنت سورین کو جیل بھیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یوپی سے آیا ہوں۔ لوگوں نے یوپی میں بی جے پی کا خیرمقدم کیا لیکن میں یہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اگر یوپی کے لوگ استقبال کرتے ہیں، تو جب وقت آتا ہے، تو وہ دھوم دھام کے ساتھ الوداع بھی کرتے ہیں۔‘‘

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے منتخب وزرائے اعلیٰ کو جیل بھیج دیا ہے۔ اس حرکت پر نہ صرف ہندوستان کے لوگ بلکہ پوری دنیا کے لوگ بی جے پی پر تھوک رہے ہیں۔ ہندوستان میں جمہوریت کا احترام کیا جاتا تھا لیکن آج بی جے پی نے اسے دنیا میں برباد کر دیا ہے۔ بی جے پی کہتی ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہے، لیکن اس کے 10 سال کے دور کو دیکھنے کے بعد یہ واضح ہو جاتا ہے کہ یہ کائنات کی سب سے بڑی جھوٹی پارٹی ہے۔


ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ اقتدار بچانے کے لیے بی جے پی ایجنسیوں کو آگے کر رہی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ لوگ 400 کو پار نہیں کر رہے ہیں بلکہ 400 سیٹیں ہار رہے ہیں۔ ملک کے حالات بی جے پی کے ساتھ نہیں ہیں۔ ملک کو پتہ چل گیا ہے کہ ایجنسیوں سے ڈر کر بی جے پی نے کتنا چندہ اکٹھا کیا ہے۔ اس معاملے کو دبانے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔