اکھلیش یادو کا بی جے پی پر حملہ، مہاکمبھ میں نقصان اٹھانے والے دکانداروں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ
اکھلیش یادو نے مہاکمبھ میلے کے دکانداروں کے ساتھ حکومت کے سلوک پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دکانداروں کو ان کی رقم واپس کرے جو میلے میں نقصان اٹھا کر بیٹھے ہیں

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے یوپی کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور مہاکمبھ میلے کے دوران نقصان اٹھانے والے دکانداروں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ ان دکانداروں کو وہ رقم واپس کرے، جس کی بنیاد پر ان کو مہاکمبھ میلے میں دکانیں الاٹ کی گئی تھیں۔
اکھلیش یادو نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں دکانداروں کا دکھایا گیا ہے جنہیں میلے میں مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ اکھلیش نے کہا کہ حکومت کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دکانداروں کی رقم واپس کرے کیونکہ ان کی تجارت بی جے پی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے متاثر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اہم راستے بند کر دیے گئے یا تبدیل کر دیے گئے تو ان دکانوں تک کس طرح گاہک پہنچتے اور ان کا کاروبار کیسے چلتا؟
اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ مہاکمبھ میلے سے اربوں روپے کی آمدنی ہوئی ہے، تو پھر ان دکانداروں کے چند لاکھ روپے واپس کرنا اتنا مشکل کیوں ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ دکانداروں کے درمیان یہ بحث ہو رہی ہے کہ وہ سب مل کر بی جے پی حکومت سے نعرے لگاتے ہوئے اپنے پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ ان کا نعرہ ہے، کہے دکاندار آج کا، نہیں چاہیے بھاجپا۔‘‘
اکھلیش یادو نے حکومتی انتظامات پر سوالات اٹھائے ہیں اور حکومت کو مختلف معاملات جیسے پانی کی گندگی، جاب اور دیگر انتظامات کی خرابیوں پر گھیرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو دعوے کیے ہیں، ان سے حقیقت کچھ مختلف نظر آ رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ان دکانداروں سے لی گئی رقم واپس کرے اور ان کے نقصان کا ازالہ کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔