عوام کے سوفیصد ساتھ کا جواب بی جے پی نے سو فیصددھوکے سےدیا: اکھیلیش

عوام نے بی جے پی کا الیکشن میں مکمل ساتھ دیا‘ خواہ بات پارلمانی الیکشن کی ہو یا اسمبلی الیکشن کی لیکن اقتدار ملنے کے بعد بی جے پی نے عوام کو مکمل دھوکہ دیا۔

فائل تصویر آئی اےاین ایس 
فائل تصویر آئی اےاین ایس
user

یو این آئی

سابق وزیراعلیٰ اوار سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھیلیش یادو نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بندیل کھنڈ کے عوام نے بی جے پی حکومت کا ساتھ سو فیصد دیا لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد بی جے پی نے سو فیصد انہی سے دھوکہ کیا۔

جھانسی کے قریب راجا رام کی نگری اورچھا میں جاری سہ روزہ کارکنان ٹریننگ کیمپ میں شرکت کے لیے آئے ایس پی قومی صدر نے ہوائی پٹی پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے دور میں ایسی صورتحال بن گئی ہے کہ آج بندیل کھنڈ میں سب سے زیادہ مصیبت میں کسان ہے۔ مہوبہ میں کسان خود کشی کر رہا ہے، جھانسی میں کسان خود کشی کر رہا ہے۔ مجموعی طور پر یہاں کے عوام نے بی جے پی کا الیکشن میں مکمل ساتھ دیا‘ خواہ بات پارلمانی الیکشن کی ہو یا اسمبلی الیکشن کی‘ سبھی اسی پارٹی کے بنے لیکن اقتدار ملنے کے بعد بی جے پی نے یہاں کے عوام کو مکمل دھوکہ دیا۔


جو پروجیکٹ پرانی حکومت کے وقت شروع کیے گئے تھے‘ انہی کو اتنی سست رفتاری سے پورا کیا جا رہا ہے کہ اس پروجیکٹ سے اب اس حکومت کا نام جڑ جائے۔ ایس پی حکومت کے وقت چلنے والی ایمبولینس سروس کو پوری طرح تباہ کر دیا، جھانسی میڈیکل کالج میں 500 بیڈ کا اسپتال بن رہا تھا‘ وہ ابھی تک بن رہا ہے۔

بنگال الیکشن میں پارٹی کے اسٹینڈ کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر یادو نے واضح کیا کہ وہاں سماجوادی پارٹی ممتا بنرجی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ہماری پارٹی کے قومی نائب صدر کرنمَے نندا اور ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم ممتا جی کے ساتھ تشہیر میں مسلسل رہیں گے۔


اس دوران سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر چندر پال سنگھ یادو، سابق رکن اسمبلی نارائن سنگھ یادو، نوجوان رہنما ہیریندر یادو اور پارٹی کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔