اکھلیش نے واپس لی رکنیت منسوخ کرنے کی عرضی، چچا-بھتیجے میں تلخیاں کم ہونے کے اشارے

اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رام گوند چودھری نے بدھ کو بتایا کہ کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے پارٹی نے عرضی واپس لے لی ہے حالانکہ انہوں نے وجہ بتانے سے انکار کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو اور ان کے چچا و پرگتی شیل سماج پارٹی فاؤنڈر شیوپال سنگھ یادو کے درمیان گزشتہ کچھ سالوں سے قائم رشتوں کی تلخیوں میں اب نرمی کے اشارے ملنے لگے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے جسونت نگر سے رکن اسمبلی شیوپال کی رکنیت ختم کرنے کے ضمن میں اسمبلی اسپیکر کو پارٹی کی جانب سے دی گئی عرضی واپس لے لی ہے۔

چچا۔بھتیجے کے رشتے میں قربت کے آثار ابھی حال ہی میں ختم ہوئے ہولی کے تیوہار سے ہی نظر آنے لگے تھے۔ جب دونوں نے کنبے کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے ساتھ آبائی شہر سیفئی میں منعقد ہولی ملن تقریب میں ایک ساتھ شرکت کی تھی۔


گزشتہ سال لوک سبھا انتخابات میں شیوپال سنگھ نے فیروزآباد سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا جہاں سے سماج وادی پارٹی امیدوار کے طور پر ایس پی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو کے بیٹے اور شیوپال کے بھتیجے اکشے یادو انتخابی میدان میں تھے۔ شیوپال کے اس فیصلے کے بعد سماج وادی پارٹی نے اسمبلی اسپیکر کے سامنے عرضی داخل کر کے شیوپال کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رام گوند چودھری نے بدھ کو بتایا کہ کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے پارٹی نے عرضی واپس لے لی ہے حالانکہ انہوں نے وجہ بتانے سے انکار کر دیا۔


قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ختم ہولی کے تیوہار میں خاندانی پروگرام کے دوران اکھلیش نے پی ایس پی ایل سربراہ کے پیر چھو کر آشیرواد لیا تھا۔ اس موقع پر حامیوں نے جے اکھلیش، جے شیوپال کے نعرے لگائے تھے جس سے ایس پی سربراہ کچھ ناراض دکھے تھے اورانہوں نے حامیوں سے نعرے بازی بند کرنے کو کہا تھا۔ ایس پی فاؤنڈر ملائم سنگھ یادو گزشتہ کئی سالوں سے بھائی اور یبٹے کے درمیان صلح۔سمجھوتہ کرانے کی لگاتار کوششیں کرتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔