آئندہ الیکشن میں بی جے پی کی شکست یقینی، 1.93 لاکھ اسامیوں پر بھرتی محض جملہ: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ 1.93 لاکھ اساتذہ کی بھرتی صرف انتخابی چال ہے، جو 2027 میں بی جے پی کو ہر حلقے میں ہزاروں ووٹوں کا نقصان پہنچائے گی

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو / آئی اے این ایس</p></div>

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شکست کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں دیے گئے 1.93 لاکھ اساتذہ کی بھرتی کا اشتہار محض ایک سیاسی جملہ ہے، جس کا مقصد ووٹروں کو گمراہ کرنا ہے۔

اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک مفصل پوسٹ میں "بی جے پی کی ہار کا سیاسی حساب" پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھرتی عوام کو بہلانے کی کوشش ہے لیکن اس کے نتائج بی جے پی کو مہنگے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر ایک اسامی کے لیے کم از کم 75 امیدوار ہوں تو یہ تعداد 1.44 کروڑ بنتی ہے۔ اگر ہر امیدوار کے ساتھ صرف دو افراد (ماں باپ یا خاندان کے افراد) کو بھی شامل کر لیا جائے تو کل متاثرہ ووٹروں کی تعداد 4.34 کروڑ تک پہنچتی ہے۔ اس حساب سے اگر 403 اسمبلی حلقوں میں تقسیم کیا جائے تو ہر حلقے میں اوسطاً 1.08 لاکھ ووٹ متاثر ہوتے ہیں۔

اکھلیش کا کہنا تھا کہ اگر ان میں سے نصف بھی بی جے پی کے ووٹر تھے تو پارٹی کو ہر حلقے میں کم از کم 54 ہزار ووٹوں کا نقصان ہو سکتا ہے، جو اسے دو ہندسوں تک محدود کر دے گا۔


انہوں نے کہا کہ پولیس بھرتیوں کے وقت بھی یہی سیاسی حساب بی جے پی کو نقصان دے چکا ہے اور اب لوگ ان اعداد و شمار کو سنجیدگی سے لینے لگے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اب صرف ذہنی دباؤ نہیں بلکہ ایک سیاسی حقیقت بن چکی ہے۔ اکھلیش نے مزید کہا کہ جیسے ہی یہ اعداد و شمار عام ہوں گے، بی جے پی کے امیدواروں کی سیاسی امیدیں چکنا چور ہو جائیں گی اور خود پارٹی میں انتشار شروع ہو جائے گا۔

سابق وزیر اعلیٰ نے ریاست میں بی جے پی حکومت پر عوامی مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، خواتین کی عدم تحفظ، کسانوں کی بدحالی اور پی ڈی اے (پسماندہ، دلت اور اقلیت) پر ظلم سے تنگ آ چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت نے دیانت دار افسران کو نشانہ بنایا، کمیشن خور افسران کو تحفظ دیا اور صحافیوں و دانشوروں پر مقدمات درج کیے۔ اکھلیش کے مطابق عوام میں بی جے پی کے خلاف غصہ اب ایک تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو خود اندازہ ہو چکا ہے کہ وہ 2027 کا الیکشن ہارنے والی ہے، اس لیے وہ الیکشن سے پہلے سرکاری ٹھیکوں اور منصوبوں کے ذریعے خوب دولت اکٹھی کر رہی ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ ریاست کے 90 فیصد عوام اب جاگ چکے ہیں اور 'اپنی پی ڈی اے حکومت' بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔