مین پوری میں ملی جیت ملائم سنگھ کو سچی خراج عقیدت، سماجوادی پارٹی نے منفی سیاست کو شکست دی: اکھلیش

سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے کہا کہ کھتولی کے امیدوار کو بھی جیت کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، رامپور میں پہلے تو ووٹ ڈالنے ہی نہیں دیا گیا اور انتظامیہ نے ناانصافی کی۔

اکھلیش یادو، تصویر ٹوئٹر@yadavakhilesh
اکھلیش یادو، تصویر ٹوئٹر@yadavakhilesh
user

قومی آوازبیورو

مین پوری لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب میں سماجوادی پارٹی امیدوار ڈمپل یادو کی جیت کے بعد پارٹی چیف اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’یہ جیت مین پوری کے ووٹروں کی نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) کو سچی خراج عقیدت ہے۔ اس جیت نے منفی سیاست کو شکست دے دی ہے۔‘‘ بدھ کے روز انتخابی نتیجہ کا اعلان ہونے کے بعد اکھلیش یادو نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ جیت مین پوری کے ووٹروں کی جیت ہے۔ ووٹروں نے نیتا جی کو سچی خراج عقیدت پیش کی ہے اور منفی کام کرنے والے لوگوں کو سخت جواب دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایک ایک ووٹر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ تنظیم کے لوگوں، سیکٹر کے لوگوں اور بوتھ کارکنان کی کوششوں و محنت سے سماجوادی پارٹی کو یہ تاریخی جیت حاصل ہوئی ہے۔‘‘


اکھلیش یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’عام لوگوں نے جس طریقے سے حمایت دی، میں اس کا شکرگزار ہوں۔ منفی سیاست کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ نیتا جی نے جو بھائی چارے کی سیاست کی ہے، یہ اس کی جیت ہے۔ نیتا جی نے جس طریقے سے ترقی کے لیے کام کیا تھا، ہم سماجوادی لوگ مل کر اس کو آگے بڑھانے کا کام کریں گے۔ جس طریقے سے انتظامیہ دباؤ بنانا چاہتا تھا، لیکن عوام نے دباؤ نہیں مانا اور نیتاجی کو یاد کر کے ایک ایک ووٹ سماجوادی پارٹی کو دیا۔‘‘

اکھلیش یادو نے کھتولی اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں کامیاب سماجوادی پارٹی لیڈر کو بھی جیت کی مبارکباد پیش کی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ رامپور میں پہلے تو ووٹ ڈالنے ہی نہیں دیا گیا۔ انتظامیہ نے وہاں ناانصافی کی۔ رامپور میں اگر فیئر الیکشن ہوتا، اگر انتظامیہ زبردستی نہیں کرتی تو سماجوادی پارٹی کی سب سے بڑی جیت رامپور میں ہوتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔