یوگی حکومت کی ’گڑھوں سے پاک‘ اسکیم پر اکھلیش کا حملہ، کہا- ’بجٹ کی ایسی بندر بانٹ کبھی نہیں ہوئی تھی‘

اکھلیلش یادو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ریاست میں سڑکوں کی تعمیر اور گڑھوں سے پاک سڑکوں کے نام پر بجٹ کی ایسی بندر بانٹ کبھی نہیں دیکھی تھی

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے یوگی حکومت کے اتر پردیش کی سڑکوں کو گڑھوں سے پاک بنانے کے منصوبے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کی میعاد کار میں تعمیراتی کاموں میں بدعنوانی شباب پر ہے اور روزانہ نئے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔

اکھلیلش یادو نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ ریاست میں سڑکوں کی تعمیر اور گڑھوں سے پاک سڑکوں کے نام پر بجٹ کی ایسی بندر بانٹ کبھی نہیں دیکھی تھی۔ اس حکومت میں سڑک تعمیر کی کوالٹی صفر ہے۔ تعمیر کے نام پر بجٹ کی لوٹ ہورہی ہے۔ اسی طرح سے گذشتہ چھ سالوں سے سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کی اسکیم میں ہزاروں کروڑ روپئے کے بجٹ کا بندر بانٹ ہوگیا لیکن سڑکوں کی خستہ حالی بدستور قائم ہے۔حکومت گڑھوں سے پاک مہم کی تاریخیں بڑھاتی رہی۔ سڑکوں کو گڑھوں سے پاک نہیں کراسکی۔


آج بھی ریاست کی سڑکوں پر گڑھے ہی گڑھے ہیں۔ جس سے ہر روز حادثات میں لوگوں کی جانیں جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ راجدھانی لکھنؤ کی سڑکوں کی حالت زار بھی کافی خراب ہے۔ حکومت لکھنؤ کی سڑکوں کو بھی ٹھیک نہیں کرپارہی ہے۔سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ گڑھے ہیں۔ وکرما دتیہ مارگ پر جہاں ججز، چیف سکریٹری اور کئی وزراء رہتے ہیں اس سڑک کا بھی برا حال ہے۔ محکمہ جاتی تعمیراتی کاموں کی وجہ سے کھدائی سے سڑکیں اونچی نیچی بنا کر چھوڑ دی گئی۔ جس میں چلنے پر گاڑی جھولے کا احساس کراتی ہے۔ یہی حال لکھنؤ کی دیگر سڑکوں کا بھی ہے۔

یادو نے کہا کہ اضلاع میں تو سڑک تعمیر میں جم کر بدعنوانی ہورہی ہے۔سڑک و دیگر تعمیراتی کاموں میں ہورہی گھپلے بازی پر روک لگانے کے بجائے حکومت کے وزیر اپنے نام کا فیتا کاٹ کر بدعنوانوں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔پیلی بھیت میں وزیر اعظم سڑک اسکیم کے تحت بنی سڑک کو لوگوں نے ہاتھ سے اکھاڑ دیا۔ اس سے پہلے بھی کئی جگہوں پر گھٹیا اور فرضی تعمیر کی خبریں آچکی ہیں۔


بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کو بھی سبھی نے دیکھا ہے۔ کس طرح وزیر اعظم کے افتتاح کے دوسرے دن ہی ایکسپریس وے ٹوٹ گیا۔ اس تعمیراتی کام میں بڑے پیمانے پر ہوئی بدعنوانی کی جانچ ضروری ہے۔ اسی طرح بی جے پی حکومت نے پوروانچل ایکسپریس وے کی تعمیر میں بھی میعار کے برخلاف کام کر کے کوالٹی کو برباد کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */