منموہن سنگھ کی یاد میں ان کے گھر پر ہوا ’اکھنڈ پاٹھ‘، سونیا گاندھی اور کھڑگے سمیت کئی سرکردہ لیڈران کی شرکت
سونیا گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے منموہن سنگھ کی رہائش پر پہنچ کر سب سے پہلے انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور پھر ان کے گھر والوں سے ملاقات کر اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے 7 دن بعد آج ان کی رہائش پر ’اکھنڈ پاٹھ‘ کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں کانگریس کے موجودہ صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر سونیا گاندھی، سابق نائب صدر حامد انصاری سمیت کانگریس کے کچھ دیگر سرکردہ لیڈران نے بھی شرکت کی۔
سونیا گاندھی اور کھڑگے نے منموہن سنگھ کی رہائش (3 موتی لال نہرو مارگ) پر پہنچ کر سب سے پہلے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پھر دونوں نے منموہن سنگھ کے اہل خانہ، خصوصاً شریک حیات گرشرن کور سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر منموہن کی شریک حیات گرشرن کور نے ’اکھنڈ پاٹھ‘ کے دوران سکھ مذہب کی پاکیزہ کتاب کے کچھ اقتباسات کا ’پاٹھ‘ بھی کیا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں آج ہی دہلی کے گرودوارہ شری رکاب گنج میں کیرتن اور ارداس کیا گیا۔ اس موقع پر بھی کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سونیا گاندھی کی موجودگی دیکھنے کو ملی۔ گرودوارہ پہنچ کر ڈاکٹر منموہن سنگھ کی شریک حیات گرشرن کور اور دیگر گھر والوں نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس موقع کی کئی تصویریں اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔