اجمیر شریف: خواجہ معین الدین چشتیؒ کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ جاری، وزیر اعظم مودی کی جانب سے بھیجی گئی چادر پیش کی گئی

عرس کے دوران بدھ (25 جنوری) کو وزیر اعظم نریندر مودی کی بھیجی گئی چادر یہاں پیش کی گئی۔ بی جے پی کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر جمال صدیقی دہلی سے چادر لے کر درگاہ اجمیر شریف پہنچے تھے

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

اجمیر: راجستھان کے عالمی شہرت یافہ شہر اجمیر میں غریب نواز خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 811 واں عرس تزک و احتشام کے ساتھ جاری ہے اور ملک و بیرون سے یہاں پہنچے زائرین اور اہم شخصیات کی جانب سے بھیجی گئی چادر پیش کی جا رہی ہیں۔ درین اثنا، عرس کے دوران بدھ (25 جنوری) کو وزیر اعظم نریندر مودی کی بھیجی گئی چادر یہاں پیش کی گئی۔ بی جے پی کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر جمال صدیقی دہلی سے چادر لے کر درگاہ اجمیر شریف پہنچے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>اجمیر شریف</p></div>

اجمیر شریف

چارد پیش کرنے کے بعد درگاہ کمیٹی کے صدر نے بلند دروازے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام پڑھا۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 811 ویں عرس کے موقع پر میں اجمیر شریف سے ملک کی خوشحالی اور ترقی کی تمنا کرتا ہوں۔


رپورٹ کے مطابق خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 811 ویں عرس کے تیسرے دن بدھ کو تقریباً 12.30 بجے بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی بی جے پی عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ درگاہ اجمیر شریف پہنچے۔ درگاہ کمیٹی کی جانب سے درگاہ کے مرکزی دروازے پر ان کا استقبال کیا گیا۔

بعد ازاں سبھی پولیس کے گھیرے میں درگاہ کے اندر داخل ہوئے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی چادر اور عقیدت کے پھول پیش کئے۔ چادر پیش کرتے ہوئے بی جے پی عہدیداروں نے ملک میں امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی دعا کی۔

اس موقع پر اجمیر سے رکن پارلیمنٹ بھاگیرتھ چودھری، ڈپٹی میئر نیرج جین، بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی صدر اور بی جے پی کے کئی عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔ خواجہ صاحب کے مزار پر چادر چڑھانے کے بعد درگاہ کمیٹی کے صدر شاہد حسین رضوی نے درگاہ کے بلند دروازے پر وزیر اعظم مودی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔


اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 811ویں عرس کے موقع پر دنیا بھر میں موجود ان کے پیروکاروں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا ’’دنیا کو محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام دینے والے عظیم صوفی بزرگ کو سالانہ عرس کے موقع پر درگاہ اجمیر شریف چادر بھیج کر میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہندوستان میں مختلف عقائد اور روایات کا ہم آہنگ بقائے باہمی ہمارے ملک کا شاندار ورثہ ہے۔ ہمارے ملک میں اولیاء، پیروں اور فقیروں نے ہمیشہ امن، اتحاد اور ہم آہنگی کے پیغام کے ذریعے قوم کے ثقافتی تانے بانے کو مضبوط کیا ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا ’’خواجہ معین الدین چشتیؒ ہندوستان کی عظیم روحانی روایات کی علامت ہیں۔ غریب نوازؒ کی انسانیت کی خدمت نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ تنوع میں اتحاد ہمارے ملک کی خوبصورتی ہے اور سالانہ عرس مختلف عقائد کے لوگوں کی طرف سے اس جذبے کو منانے اور اس کی قدر کرنے کا موقع ہے۔ آزادی کے ’امرت کال‘ میں ملک اجتماعی طاقت کے ذریعے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اجتماعی طاقت سے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ خواجہ معین الدین چشتی کے 811 ویں عرس کے موقع پر میں درگاہ اجمیر شریف سے ملک کی خوشحالی اور ترقی کی دعا مانگتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔