اجیت پوار کی آخری رسومات کے لیے کل صبح 11 بجے کا وقت مقرر، پی ایم مودی اور امت شاہ کی شرکت کا امکان

اجیت پوار کا جسد خاکی جمعرات کی صبح 11 بجے ’ودیا پرتشٹھان میدان‘ لے جایا جائے گا جہاں عوام انھیں خراج عقیدت پیش کر سکے گی۔ اس دوران دنیائے سیاست کے کئی سرکردہ لیڈران بھی موجود رہیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>اجیت پوار، تصویر ’ایکس‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بارامتی میں لینڈنگ کے دوران مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا، جس میں پوار سمیت 5 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔ اس واقعہ نے سیاسی حلقوں میں غم کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ اجیت پوار کی آخری رسومات جمعرات کو پونے ضلع واقع بارامتی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کیے جانے کی جانکاری سامنے آ رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آخری رسومات میں برسراقتدار طبقہ اور اپوزیشن کے کئی لیڈران شرکت کریں گے۔

ذرائع کے حوالہ سے جو خبریں موصول ہو رہی ہیں، ان میں بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اجیت پوار کی آخری رسومات میں شامل ہو سکتے ہیں۔ آخری رسومات کے لیے صبح 11 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے، جو کہ ’ودیا پرتشٹھان میدان‘ میں عمل پذیر ہوگا۔ این سی پی نے مطلع کیا ہے کہ اس دوران دنیائے سیاست کے کئی لیڈران موجود رہیں گے۔ اجیت پوار کے جسد خاکی کو ودیا پرتشٹھان میدان میں کچھ دیر رکھا جائے گا تاکہ عوام ان کا آخری دیدار کر سکیں اور خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔


اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال پر این سی پی-ایس سی پی چیف شرد پوار سے بات کر اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک تعزیتی پیغام میں یہ بھی لکھا کہ ’’اجیت پوار عام لوگوں کے لیڈر تھے اور زمینی سطح پر ان کی گرفت کافی مضبوط تھی۔ مہاراشٹر کی عوام کی خدمت میں وہ ہمیشہ وقف رہے۔‘‘ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اجیت پوار کے انتقال پر اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’آج ایک دردناک حادثہ میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این ڈی اے کے ہمارے سینئر ساتھی اجیت پوار کے انتقال کی خبر سے دل بہت پریشان ہے۔ وہ جب بھی ملتے تھے مہاراشٹر کی عوام کے حق میں بات کرتے تھے اور فلاحی منصوبوں پر طویل گفتگو کرتے تھے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔